بھارت ہزاروں مسلمانوں کا قاتل‘ دوستی و تجارت نہیں ہو سکتی: دفاع پاکستان کونسل
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل اور تحریک آزادی جموں کشمیر سمیت مختلف مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین نے جماعۃالدعوۃ کی آل پارٹیز کانفرنسوں اور نظریہ پاکستان سیمینارز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس نظریہ پر پاکستان معرض وجود میں آیا نوجوان نسل کو اس سے دور کیا جا رہا ہے، ہزاروں مسلمانوں کے قاتل بھارت سے دوستی و تجارت نہیں ہو سکتی۔ پاکستانی دریائوں پر متنازعہ ڈیموں کی تعمیر بند نہ ہو ئی تو آئندہ پاکستان بھارت جنگ پانی کے مسئلہ پر ہو گی۔ حافظ محمد سعید کو بلوچ بھائیوں کی خدمت اور کشمیریوں کی مدد کے جرم میں نظربند کیا گیا۔ آج منان چوک کوئٹہ میں بڑی نظریہ پاکستان کانفرنس ہو گی جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین و قبائلی عمائدین شریک ہوں گے۔ قوم کو نظریہ پاکستان پر جمع کریں گے۔ بھارتی سازشوں کے خلا ف حکمران خاموش تماشائی نہ بنیں‘ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو پوری دنیا پر بے نقاب کیا جائے۔ بھارت بلوچستان اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی آگ بھڑکانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کر رہا ہے۔ مرکز القادسیہ سے جاری تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، قاری یعقوب شیخ، مولانا سیف اللہ خالد، حافظ عبدالرئوف، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، فیصل ندیم، فیاض احمد، رانا محمد اشفاق، ابو معاذ عمران، عبداللہ احمد، رانا محمد شفیق، حاجی سلیم طارق، سعادت علی، قاری منیر اختر و دیگر نے کراچی، حیدر آباد، کوئٹہ، شجاع آباد، وہاڑی، تاندلیانوالہ اور جہانیاں میں ضلعی سطح پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنسوں اور نظریہ پاکستان سیمیناروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تحفظ نظریہ پاکستان مہم کے سلسلہ میں ہونے والے ان پروگراموں میں ملک بھر کی سیاسی، مذہبی و کشمیری تنظیموں، وکلائ، طلباء اور تاجر رہنمائوں نے شرکت کی۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس کی طرف سے بھی نظریہ پاکستان کے حوالہ سے پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ ملتان میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کے طلباء کی طرف سے نظریہ پاکستان واک کی گئی۔ دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی، نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری یعقوب شیخ، تاجر قومی اتحاد کے چیئرمین محمد افضل تاجک،جماعۃ الدعوۃ کوئٹہ کے رہنما محمد آصف شاہ ودیگر نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ سندھ طاس معاہدے پر بھی بھارت ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے جبکہ ہم اس حالت میں ہیں کہ تین دریا راوی‘ ستلج، پیاس سندھ طاس معاہدے کے تحت ہم سے چھین لئے گئے۔ جماعۃالدعوۃ کی طرف سے جہانیاں میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں جماعۃ الدعوۃ جنوبی پنجاب کے مسئول ابو معاذ عمران، وائس چیئرمین جہانیاں حاجی سلیم‘ صدر انجمن تاجران حاجی ابراہیم، صدر مسلم لیگ (ن) ضلع خانیوال رائو سعادت علی، سٹی صدر مجتبی عثمان،صدر وکلاء بار جہانیاں سعید اقبال گورایہ ،جماعۃ الدعوۃ ضلع خانیوال کے مسئول عبداللہ عمیر، اہلسنت و الجماعت قاری منیر اختر، معروف صحافی عبدالغفار قمر، صدر میڈیکل سٹور ڈاکٹر اقبال حنیف نے خطاب کیا۔