• news

سانگلہ ہل: موٹرسائیکل سواروں کی لیگی رہنما کے پٹرول پمپ پر فائرنگ

سانگلا ہل(نمائندہ نوائے وقت)مسلم لیگ ن کے رہنما ،پی پی 170کے سابق امیدوار میاں اعجاز حسین بھٹی کے پٹرول پمپ پر موٹر سائیکل سوار 2افراداحتشام حسن اور نبیل احمد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔جس سے شیشے اور دروازے ٹوٹ گئے،دفتر میں میاں اعجاز بھٹی کی کرسی کو بھی گولیاں لگیں ، ملزمان فائرنگ کرکے موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے،پولیس نے تعاقب کیا ،گھیرا ڈالنے پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی،پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، پولیس نے بعد ازں دونو ں ملزمان کو قابو کر لیا۔ملزمان نے اعجاز بھٹی کے بھتیجے کاشف بھٹی اور کیشیئر پر بھی فائرنگ کی،علاقے میں دہشت اور خوف و ہراس پھیل گیا۔کاشف علی بھٹی نے بتایا کہ ملزمان نے فائرنگ میاں عمار وسیم اور پولیس ہیڈ کانسٹیبل عقیل احمد کے ایماء پر کی ہے، تھانہ سٹی پولیس نے میاں اعجاز حسین بھٹی کے بھتیجے کاشف علی بھٹی کی درخواست پر احتشام حسن،نبیل احمد،میاں عمار وسیم اور ہیڈ کانسٹیبل عقیل احمد کیخلاف دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر دیا ۔

ای پیپر-دی نیشن