گوادر ملک کا مہنگا ترین شہر بن گیا، مردان سب سے سستا
لاہور (کامرس رپورٹر)گوادر چند ماہ میں ہی ملک کا مہنگا ترین شہر بن گیا، سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی اوسط شرح 4 فیصد جبکہ گوادر میں اشیا 11 فیصد سے بھی زیادہ مہنگی ہو گئیں۔ کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں فروری کے دوران سب سے زیادہ اضافہ گوادر میں ہواجہاں مہنگائی کی اوسط شرح 11.3 فیصد تک پہنچ گئی۔صرف اشیا خوردنی کی قیمتوں میں اضافے کی شرح 14.4 فیصد رہی ۔ ایک ماہ قبل گوادر میں مہنگائی کی شرح 6.2 فیصد اور 3 ماہ قبل 4.3 فیصد تھی۔ کراچی اور لاہور ملک کے سستے ترین 15 شہروں میں شامل ہیں جہاں فروری کے دوران مہنگائی میں اضافے کی اوسط شرح 3.6 سے 3.3 فیصد رہی۔ مہنگے شہروں میں میانوالی 10.3 فیصد شرح سے دوسرے ابیٹ آباد 9.4 فیصد شرح سے تیسرے نمبر پر رہا، فیصل آباد میں 7.5 فیصد اور راولپنڈی میں مہنگائی کی شرح 6.4 فیصد رہی۔ رپورٹ کے مطابق مردان ملک کا سستا ترین شہر رہا ،، جہاں اشیا کی قیمتوں میں اضافے کی اوسط شرح 1.5 فیصد رہی۔