فیصل آباد : الائیڈ ہسپتال میں مریض تڑپتا رہا‘ سکیورٹی عملہ کا ساتھ آنیوالے پر تشدد
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) الائیڈ ہسپتال کے سکیورٹی گارڈز کی طرف سے مریضوں کے لواحقین کو تشدد کا نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ دس روز میں نہتے لواحقین پر تشدد کا تیسرا واقعہ رونما ہو گیا۔ ایمرجنسی مین گیٹ کھولنے کے لئے اصرار کرنے والے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ سٹریچر پر مریض تڑپتا رہا، گارڈ نوجوان کو مارتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق کھرڑیانوالہ کے نواحی گاؤں کا رہائشی قاسم اپنے مریض کو تشویشناک حالت میں ہسپتال آیا اور حالت نازک ہونے کے پیش نظر ایمرجنسی گیٹ پر تعینات سیکورٹی گارڈ کو دروازہ جلد کھولنے کا کہا تو وہ الجھ پڑا، تکرار پر گیٹ کھولنے کی بجائے ساتھیوں کو بلا کر اسے مارنا شروع کر دیا جبکہ گیٹ کے باہر سٹریچر پر پڑا ہوا مریض درد کی شدت سے تڑپتا رہا۔ بعدازاں قریب کھڑے لوگوں نے بیچ بچاؤ کرایا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دس روز کے دوران اسی نوعیت کا یہ تیسرا واقعہ ہو چکا ہے لیکن انتظامیہ و پولیس سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔