• news

لاہور ایسٹرن بائی پاس، کوشش ہے پاکستان کے پیسے بچائیں: سپریم کورٹ

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں’’ لاہور کے ایسٹرن بائی پاس پروجیکٹ‘‘ کے این ایچ اے کے ٹھیکے میں مبینہ خلاف ورزی کے حوالے سے از خود نوٹس کیس کی سماعت میں عدالت نے ٹھیکے سے متعلق میٹنگ منٹس اور دیگر تفصیلات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 4فروری تک ملتوی کردی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ کوشش ہے کہ پاکستان کے پیسے بچائیں،ٹھیکے میں 50کروڑ کا نقصان نہ ہو اسی لیئے عدالت نے معاملے کا ازخود نوٹس لیا ہے۔ نیکو حبیب کمپنی کی وکیل موقف اختیار کیا کہ ایسٹرن بائی پاس کا ٹھیکہ کل 7 ارب روپے کا تھا ، ہماری کمپنی کا ٹینڈر 500ملین روپے کم کا تھا اس کے باوجود مبینہ ملی بھگت سے تعمیراتی ٹھیکہ غیر ملکی کمپنی کا دے دیا گیا ، ہماری کمپنی کو تکنیکی وجوہات کی بنا پر نظر انداز کردیا گیا ۔ عدالتی استفسار پر این ایچ اے کے وکیل نے کو بتایا کہ ابھی نیکو حبیب والوں کا ٹینڈر کھولا ہی نہیں گیا ، تیکنیکی وجوہات کی بنا پر اس سمیت دیگر کمپنیوں کو مسترد کیا گیا ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت تو ٹینڈرز کھول کر جائزہ لے سکتی ہے کہ شکایت کنندہ کی بات میں کہاں تک سچائی ہے، ایسٹرن بائی پاس کے ٹھیکہ دینے سے متعلق میٹنگ کے منٹس اور دیگر تفصیلات کہاں ہیں؟اگر تعاون نہ کیا گیا تو عدالت خود آڈٹ کروا سکتی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن