بڑے مگرمچھ روزانہ 10 ارب کی منی لانڈرنگ کر رہے ہیں‘ ملکی معیشت قرضہ سکینڈل سے تباہ ہوئی: عمران خان
اسلام آباد (آئی این پی + آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں روزانہ 10 ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے اور یہ سب بڑے مگر مچھ کر رہے ہیں ، منی لانڈرنگ سے قوم غریب سے غریب تر اور ایک چھوٹا سا طبقہ امیر سے امیر تر ہوتا جا رہا ہے، قومی اداروں میں اہل لوگ آگے لانے سے تبدیلی آئے گی، پولیس اچھی ہوتی تو امن وامان قائم ہوجاتا کیونکہ امن وامان سے ہی غیر ملکی سرمایہ کاری ملک میں آتی ہے، ملکی معیشت قرضہ سکینڈل سے تباہ ہو گئی۔ وہ نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کا مطلب یہ ہے کہ قانون سب کیلئے برابر ہو ، ملک میں میرٹ کا قتل عام کیا گیا ہے، اگر میں کرکٹ ٹیم میں بطور کپتان دوست اور رشتہ داروں کو نوازتا تو کبھی ورلڈکپ نہیں جیت سکتا تھا ۔عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار نے اپنے بیان حلفی میں لکھ کر دیا کہ وہ نوازشریف کے لئے منی لانڈرنگ کرتے رہے ، جونوازشریف کا غلام ہے اسے عہدہ مل جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہڑپ کرنے کیلئے قرضے لینے سے بینک تباہ ہوجاتے ہیں ،ملکی معیشت لونز سکینڈل سے تباہ ہوگئی ، منی ٹریل نہ دینے والوں کے اثاثے منجمند ہونے چاہیئں ۔عمران خان نے کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ اسی ہفتے آنے کی امید ہے، طاقتور کے معاملے پر کمیشن کی رپورٹ دبا دی جاتی ہے ، سانحہ ماڈل ٹائون ،ڈان لیکس اور ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹس سب کے سامنے مثال ہیں ، سریم کورٹ جا کر نوازشریف پھنس چکے ہیں ، قطری خط نے نوازشریف کو مزید بے نقاب کردیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طاقتور کچھ بھی کرے اسے قانون کا کوئی خوف نہیںہوتا ، ڈان لیکس کمیشن کے ارکان میں اختلافات ہیں، حکمران خاندان اپنی چوری چھپانے کی کوشش کر رہا ہے ، سپریم کورٹ کمیشن نے ایکشن 2013 پر 40 نکات بتائے تھے۔ مگر ایک نقطے پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ پانامہ کیس میں نوازشریف کو کمزور کر دیا ہے۔ نواز شریف اس کیس سے نکلنے کیلئے کسی سے بھی ڈیل کیلئے تیار ہیں، نواز شریف نریندر مودی کے خلاف بات نہیں کرتے جبکہ نریندر مودی پاکستان کے خلاف بات کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، پاکستان کے الیکشن میں کئی بیرونی قوتیں مداخلت کرتی ہیں، برطانیہ نے ابھی تک بانی ایم کیو ایم کے خلاف ایکشن نہیں لیا‘ الطاف حسین کے خلاف ثبوت کے باوجود کارروائی نہیں کی گئی ، برطانیہ بھی اپنے مفاد کیلئے لوگوں کو استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات ماضی کے انتخابات سے مختلف ہوں گے۔ دریں اثناء 2013ء کے الیکشن میں دو ممالک نے نوازشریف کی مالی مددکی تھی، ہمیں بھی مڈل اہلیت کے ایک ملک نے مالی مدد کی پیشکش کی تھی، جو ہم نے قبول نہیں کی۔ مزید برآں عمران خان نے کارکنوں اور حامیوں کو ہدایت کی ہے کہ ماحول کو بہتر اور پرفضا بنانے کے لئے اپنے حصے کا ایک ایک درخت لگا کر اس کی حفاظت کریں۔ یہ ہدایت انہوں نے گزشتہ روز جنگلات کے عالمی دن کے سلسلے میں اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ماحول کو بہتر اور پرفضا بنانے کے لئے جنگلات کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اس لئے اپنے ملک کے ماحول کو صحت بخش، آلودگی سے بچانے کے لئے ضروری ہے کہ تحریک انصاف کے ٹائیگرز، ووٹرز اور حامی اپنے حصے کا ایک ایک درخت لگا کر اس کی حفاظت بھی کریں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو ٹھیک کرنے کے لئے درخت لگا کر بچانے کے سوا کوئی آپشن نہیں رہ گیا‘ خیبر پی کے میں بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت میں 80 کروڑ درخت لگائے جا چکے ہیں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ آج یہ بات یاد رہے کہ 21 مارچ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں جنگلات کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔