• news

فوجی عدالتوں کے معاملہ پر میرے مو¿قف کو پارٹی میں شکست ہوئی: رانا ثنا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پر میرے موقف کو پارٹی کے اندر شکست ہوئی مگر اب فوجی عدالتوں کے حوالے سے فیصلوں کے ساتھ ہوں، یقین ہے کہ آئندہ دو برس میں انصاف کے نظام کی تمام کوتاہیاں دور کر دی جائیں گی تاکہ فوجی عدالتوں کی ضرورت ہی نہ پڑے‘ پنجاب کی جیلوں میں نادرا سسٹم کے تحت چیکنگ کی جانی چاہیے تاکہ معلوم ہوسکے کہ کسی قیدی کی جگہ کوئی اور تو قید نہیں کاٹ رہا‘ وزیراعلی پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے وہ جیلوں میں نادرا سسٹم شروع کرائیں گے‘ پیپلزپارٹی اپنی ناکامیوں کی وجہ سے سندھیوں کو پنجاب اور وفاق سے خوفزدہ کر رہی ہے، پنجاب یونیورسٹی جھگڑے میں لسانیت اور صوبائیت کی باتیں سراسر جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصار برنی کے ساتھ پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی وڈیرے کی جانب سے غریبوں کو قید کرکے نہیں رکھا گیا یہ معاملات سندھ اور دیگر صوبوں میں ہیں۔ انصار برنی نے کہا کہ پنجاب کی تمام جیلوں کے قیدیوں کی شناخت کو نا درا کے مصدقہ نظام سے لنک کر دینا چاہیے۔ رانا ثناءنے کہا کہ انصار برنی کی جانب سے اٹک میں لڑکی کو جلانے کے واقعہ کی نشاندہی پر میں اسمبلی میں توجہ دلاﺅ نوٹس جمع کرا رہا ہوں۔
رانا ثنا

ای پیپر-دی نیشن