• news

::::دیدہ دلیری سے لوٹ مار کرنیوالے جیلوں میں ہی اچھے لگتے ہیں: سپریم کورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فراڈ میسجز کرنے والے 39 رکنی گینگ کے مرکزی ملزم کی ضمانت خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ سادہ لوح عوام کو لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دو رکنی بنچ نے لاہور رجسٹری میں ملزم محمد اشرف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی اے کے پاس کوئی آزاد شہادت نہیں، لہٰذا اس کی ضمانت منظور کی جائے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ملزم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فراڈ میسجز کرنے والے 39 رکنی گینگ کا مرکزی ملزم ہے۔ ایف آئی اے نے ابھی تک مرکزی ملزم سمیت 8 ملزموں کو گرفتار کیا ہے اور یہ گروہ شہریوں کو جھوٹے میسجز بھجوا کر ڈیڑھ کروڑ سے زائد رقم لوٹ چکے ہیں۔ مرکزی ملزم اشرف کے قبضے سے 33 موبائل سمیں برآمد ہوئیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ایسی دیدہ دلیری سے لوٹ مار کرنے والے جیلوں میں ہی اچھے لگتے ہیں۔ اگر ملزموں کو ضمانتوں پر رہا کیا گیا تو یہ دوبارہ عوام کو لوٹنا شروع کر دیتے ہیں۔
ضمانت خارج

ای پیپر-دی نیشن