• news

حریت رہنما نعیم خاں سرینگر ائرپورٹ پر گرفتار، بھارت کشمیری قیادت کو رہا کرے: پاکستان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک + نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماﺅں کی نظربندی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ حریت رہنماﺅں کو رہا کرکے یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کی اجازت دی جائے ۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سیدعلی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، یاسین ملک ،شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی کی گرفتاری اور نظربندی نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن میں یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت سے روکنے کیلئے کی گئی ۔ بھارت کی یہ پابندیاں جمہوری اصولوں کے منافی ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوامی نمائندوںکو جلد رہا کرے تاکہ وہ یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کرسکیں۔ اس سے قبل سری نگر ائرپورٹ پر بھارتی پولیس نے حریت رہنما نعیم خان کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔ نعیم خان پاکستانی ہائی کمشن کے زیر اہتمام آج یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کیلئے نئی دہلی جار ہے تھے۔ انہیں اطلاعات کے مطابق دیگر حریت رہنما¶ں کی طرح گھر پر نظر بند کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے رات گئے چھاپوں میں 22 بے گناہ افراد گرفتار کر لئے‘ بیٹے کے بدلے میں بزرگ شہری دھر لیا گیا، پلوامہ میں لوگوں کو رات کے اندھیرے میں گھنٹوں گھروں کے باہر کھڑے رہنے پر مجبور کیا گیا، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال، خواتین اور بچوں پر تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رہیں بھارتی فوجیوں نے لوگوں کے گھروں کے دروازے توڑ دئےے۔ شیخ پورہ بستی میں پولیس نے ایک نوجوان کے گھر میں موجود نہ ہونے پر اس کے65 سالہ والد کو حراست میں بھی لے لیا۔ دریں اثناءحریت رہنماﺅں سید علی گیلانی‘ یاسین ملک‘ میرواعظ عمر فاروق اور شبیر احمد شاہ نے یوم ِ پاکستان کے موقع پر پاکستانی عوام اورحکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیادوں میںلاکھوں افراد کا مقدس خون شامل ہے۔ پاکستانی عوام وطن کے خلاف اغیار کی سازشوں کا متحد ہو کر مقابلہ کریں۔ سری نگر میں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دل بھی پاکستان کے لیے ہی دھڑکتے ہیں۔ امید ہے پاکستان تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اورآبرومندانہ حل تک اپنی پرخلوص کوششیں جاری رکھے گا۔ مزید برآں یوم پاکستان پر پاکستانی ہائی کمشن کی تقریب میں شرکت سے روکنے کیلئے بھارت نے تمام حریت قیادت کو نظربند کردیا۔

حریت قیادت

ای پیپر-دی نیشن