• news

قصور: گرفتاری کیلئے چھاپے کے دوران ملزم کا باپ ہلاک‘ پولیس نے تشدد کیا: ورثا

قصور+پھولنگر+سرائے مغل (نامہ نگاران)بخشی خانہ پتوکی سے دو ڈکیتی قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث خطرناک ملزم پولیس حراست سے فرار ہو گئے ۔بعدزاں پولیس نے ایک مفرور ملزم ابوبکر کے گھر چھاپہ مارکراسکے اہل خانہ کو تھانہ سرائے مغل لے آئے جہاں ملزم ابوبکر کا والد پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا جس پر اس کے لواحقین نے الزام لگایا کہ اسے پولیس نے تشدد کرکے ہلاک کیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے جب مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو اس دوران اس کا باپ ہارٹ اٹیک سے جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے حسب معمول قیدیوں کو ان کی تاریخ پیشی پر مختلف عدالتوں میں پیش کرنے کیلئے جیل سے لا کر بخشی خانہ پتوکی میں بند کیا۔اس دوران ڈکیتی قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوث دو انتہائی خطرناک ملزم رانا یونس اور ابوبکر کسی طرح پولیس حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئےجس پر پولیس نے گاﺅں گھمن کلاں میں ریڈ کیااور ملزم کے والدین کو حراست میں لے لیا ۔ اس دوران مفرور ملزم ابوبکر کا والد مبینہ طور پر ہارٹ اٹیک سے ہلاک ہوگیا مگر متوفی شاہ محمد کے لواحقین نے پولیس پر الزام لگایا کہ پولیس نے شاہ محمد کو تشدد کر کے ہلاک کیا ۔ اس پر انہوں نے تھانہ سرائے مغل کا گھیراﺅ کر کے پولیس کیخلاف سخت نعرے بازی کی ہے۔ ورثا نے نعش بھونی کے موڑ ملتان روڈ پر رکھ کر سڑک بند کردی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کردی۔
والد ہلاک

ماتحت عدلیہ پنجاب کی ایڈوائزری کمیٹی نے جوڈیشل افسروں کیلئے ٹرانسفر اور ڈائیورسٹی پالیسی کی منظوری دیدی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ منصور علی شاہ کی زیرصدارت پنجاب کی ضلعی عدلیہ کی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ رجسٹرار سید خورشید انور رضوی، ممبر انسپکشن ٹیم محمد اکمل خان، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، راولپنڈی، جہلم، انسداد دہشت گردی عدالت کی جج بشریٰ زمان، ایڈیشنل سیشن ججز شاہدہ سعید، اشفاق احمد، سینئر سول جج سید علی عباس اور سول جج شازیہ منور مخدوم سمیت ایڈوائزری کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ ایڈوائزری کمیٹی نے جوڈیشل افسروں کیلئے ٹرانسفر پالیسی اور ڈائیورسٹی پالیسی کی اصولی منظوری دی۔ حتمی منظوری فاضل چیف جسٹس دیں گے۔ پنجاب بھر میں عارضی حکم امتناعی سے متعلق 57544 میں 48025 پٹیشنز کے فیصلے کرنے پر جوڈیشل افسروں کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔
ایڈوائزری کمیٹی


ملک بدر کئے گئے 34 پاکستانی برطانیہ سے اسلام آباد پہنچ گئے‘ پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا
اسلام آباد(آن لائن) برطانیہ سے ملک بدر ہونے والے 34پاکستانی خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے، ایف آئی اے نے پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم 34پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا تھا جو بدھ کی شام خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے برطانیہ سے ملک بدر ہونے والے پاکستانیوں کو ایف آئی اے نے اپنی تحویل میں لیا اور پوچھ گچھ کے بعد تمام کو چھوڑ دیا گیا جو اپنے اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو گئے۔
ملک بدر پاکستانی


وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس ، بجٹ تیاری کا جائزہ رمضان سے قبل پیش کیا جائیگا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس میں بجٹ تیاری کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ کو بتایا کہ وزارتوں کے بجٹ کی سیلنگ کے اجراءکے بعد اب بجٹ تخمینہ جات کا کام کافی پیشرفت کر چکا ہے۔ وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ مختلف سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تواتر سے مشاورتی اجلاس کئے گئے جن سے کافی مفید تجاویز ملی ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ کو حتمی شکل دیتے ہوئے ان تجاویز کو لازمی طور پر زیرغور لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تمام تیاری مقررہ نظام الاوقات کے مطابق کی جائے۔ بجٹ رمضان المبارک سے قبل مئی کے آخری ہفتہ میں قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ تاریخ 26 مئی ہو سکتی ہے۔
بجٹ / جائزہ اجلاس

ای پیپر-دی نیشن