• news

.کامیاب پریڈ پر مبارکباد قوم فسادیوں کے خاتمہ کیلئے ثابت قدم رہے :آرمی چیف

راولپنڈی (سپیشل رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 23 مارچ کی کامیاب پریڈ پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ آرمی چیف نے سکیورٹی اقدامات کو سراہا۔ پریڈ میں شرکت پر آرمی چیف نے چین، ترکی اور دیگر ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ شہداء اور غازی ہمارے ہیرو ہیں، انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ملک سے فسادیوں کے خاتمے کیلئے قوم ثابت قدم رہے۔ ملک دشمنوں کا خاتمہ کیا جائیگا۔ پاکستان پُرامن ملک اور نمایاں اہمیت رکھتا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم اپنے ہیروز کو کبھی نہیں بھلاسکتے، وطن کے خاطر قربانیاں دینے والے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق تقریب کے بعد تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی نے غازیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سربراہان نے آپریشن میں زخمی ہونے والے جوانوں کی خیریت بھی دریافت کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوم پاکستان پریڈ کی تقریب میں حال ہی میں ریلیز کیا جانے والے ملی نغمہ کا چرچا رہا، اس کی اہم وجہ ہم سب کا پاکستان تھیم میں قومی قیادت و شخصیات کے ویڈیو پیغامات کا آئیڈیا تھا جسے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے دیا۔ نیول و ایئر چیفس کی جانب سے میجر جنرل آصف غفور کے اس آئیڈئیے کی خوب تعریف کی گئی۔ اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ نے کہا کہ یوم پاکستان پر ویڈیو پیغامات کا آئی ایس پی آر کا اقدام زبردست رہا، قوم کے اتحاد میں ہی اصل طاقت ہے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف میری نہیں آئی ایس پی آر کی کاوش تھی۔

ای پیپر-دی نیشن