• news

یوم پاکستان پر سبز ہلالی پرچموں کی بہار تحریک آزادی ختم کرنا ممکن نہیں پاکستانی ہائی کمشنر

سرینگر+نئی دہلی (میگزین رپورٹ/ سجاد اظہر پیرزادہ+نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) بھارت نے حریت قیادت کو یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت سے کیا روکا، وادی میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آگئی، علی گیلانی، میر واعظ، یاسین ملک اور شبیر شاہ سمیت حریت قیادت گھروں میں نظر بند، پاکستانی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اجازت نہ ملی۔ آسیہ اندرابی کے گھر پر ناکام چھاپے۔ مقبوضہ کشمیر کی ۔ تاہم دوسرے درجے کی کشمیری قیادت کے کئی رہنما نئی دہلی پہنچنے میں کامیاب رہے اور پاکستانی سفارتخانے میں ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کی۔ ان رہنماؤں میں آغا سید حسن، تحریک مزاحمت کے بلال صدیقی، محمد یوسف نقاش، حکیم عبدالرشید اور پیپلز لیگ کے غلام نبی درزی اور دیگر شامل تھے ۔مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی اپیل پر 77واں یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر ہائی کورٹ بار سمیت ہر نجی عمارت اور گھر پر سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا ،سبز ہلالی پرچموں کی بہار قابض فورسز کا منہ چڑاتی رہی۔ حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے پاکستانی حکومت، افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان برِصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک انعام ہے۔ پاکستان کی سا لمیت اور استحکام کے لیے دعا کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ کشمیری قوم کے لیے بھی پاکستان کی اہمیت اور افادیت کسی بھی طور کم نہیں ۔ یہ دنیا کا وہ واحد ملک ہے، جو ان کے حقِ خودارادیت اور مطالبہ آزادی کی کھل کر حمایت کرتا ہے اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر مدد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ایک مضبوط پاکستان اولین ضرورت ہے۔ گیلانی نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اس ملک میں امن کی بحالی میں مدد کریں اور اقلیتوں کے ساتھ ہر سطح پر نیک سلوک اور نیک برتاو روا رکھیں۔ انہوں نے ایران اور افغانستان کے ساتھ اچھے اور خوشگوار تعلقات کی بحالی پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ تین برادر مسلم ممالک ایک دوسرے کے نزدیک آئیں تو ان کے کئی اندرونی اور بیرونی مسائل خودبخود حل ہو جائیں گے۔ سرینگر میں دختران ملت جموں کشمیر کے زیراہتمام تقریب کا انعقادکیا گیا‘ آسیہ اندرابی نے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ یوم پاکستان کے موقع پر تقریب کا اہتمام دختران ملت جموں اینڈ کشمیر کی جانب سے کیا گیا، تقریب کے شرکاء نے پاکستانی پرچم بلند کئے اور ملی نغمے گائے۔بھارت کے دارالحکومت میں پاکستان ہائی کمشن میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان ‘ بھارت کے ساتھ جموں وکشمیر سمیت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط نے کشمیر کے تنازع پر دوٹو ک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کی تحریکوں کو وقتی طور پر دبایا جاسکتا ہے لیکن دائمی طور پر ختم نہیں کیا جاسکتا، کشمیریوں کی جدوجہد انشاء اللہ ضرور کامیاب ہوگی۔ بھارت اور پاکستان کے جتنے بھی مسائل اور تنازعات ہیں ان کو مذاکرات کے ذریعے پر امن طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں۔خاص طور پر جموں اور کشمیر کا مسئلہ،جو پاکستان اور بھارت کا بنیادی مسئلہ ہے،وہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر ہوں گے۔نئی دہلی میں ہونیوالی تقریب کے مہمان خصوصی بھارت کے وزیر مملکت ایم جے اکبر تھے۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عبدالباسط نے کہا کہ حالات کی بہتری کیلئے اچھی امید رکھنی چاہئے۔ انکی اہلیہ مسز سمیعہ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ عبدالباسط نے کہا کہ چیزیں وقت کے ساتھ ساتھ ہی ٹھیک ہوتی ہیں۔ بریگیڈیئر عامر اجمل اور سفارتخانے کے ترجمان خواجہ معاذ نے کہاکہ پاکستان کی ترقی کیلئے بڑے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن