• news

پی ٹی وی پنشنرز اپنی پنشن میں اضافے کے منتظر ہیں

مکرمی! پاکستان کے ہر سرکاری محکمے اور ادارے میں ریٹائر ملازمین کی پنشن میں حکومت پاکستان کے اعلان کے عین مطابق پنشن میں ہر سال 10 یا 15 فیصد کا اضافہ ہو جاتا ہے‘ لیکن پاکستان ٹیلیویژن جیسے قومی ادارے میں نہ جانے حکومت کے اس اعلان پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوتا؟ آپ حیران ہونگے کہ وفاقی وزیر خزانہ نے یکم جولائی 2016ء سے پنشن میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا۔ وہ تمام سرکاری محکموں اور اداروں کے پنشنرز کو باقاعدگی سے مل رہا ہے‘ لیکن پی ٹی وی کے پنشنرز 9 ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی اپنی پنشن میں اضافے کیلئے وزیراعظم اور وفاقی وزیرخزانہ سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں‘ لیکن ان کی داد و فریاد کوئی نہیں سنتا۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستان ٹیلیویژن حکومت سے بھی اعلیٰ کوئی ادارہ ہے جو حکومتی اعلانات کو بھی خاطر میں نہیں لاتا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ پی ٹی وی اپنے بزرگ پنشنروں کے ساتھ یہ ظلم اور زیادتی بھی کر رہا ہے کہ انہیں 75 سال کی عمر ہونے کے باوجود بھی ڈبل پنشن نہیں دیتا۔ اس پر حکومت وقت‘ میڈیا اور سوشل میڈیا کی خاموشی بے حد افسوسناک ہے۔ جب صدر پاکستان کی ہدایت پر تمام سرکاری محکموں اور اداروں کے پنشنرز کی پنشن 75 سال پورے ہونے پر ڈبل ہو جاتی ہے تو پھر پی ٹی وی اپنے خود ساختہ قوانین بنانے پر کیوں تلا ہوا ہے؟ (حمید نور چشتی۔ لاہور)

ڈاک ایڈیٹر

ڈاک ایڈیٹر

ای پیپر-دی نیشن