پولیس‘ ایکسائز میں معاملات طے‘ کرائے داروں کی تصدیق پر پراپرٹی ٹیکس کے نوٹس ملیں گے
لاہور (معین اظہر سے) پنجاب میں دہشت گردی کی روک تھام کیلئے اکٹھی کی گئی معلومات ریونیو اداروں کو دیکر لاکھوں افراد کو لاہور شہر میں پراپرٹی ٹیکس کے نوٹس دینے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ محکمہ پولیس اور ایکسائز کے درمیان ان اطلاعات کی فراہمی کے معاملات طے پاگئے ہیں، جلد ہی آپریشن تصدیق شروع کر کے پولیس اور ایکسائز ٹیمیں کرایہ داروں اور مالک مالکان کی بائیومیٹرک تصدیق کریں گی جس کے بعد پراپرٹی ٹیکس کے نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاہور شہر میں ہزاروں افراد نے اپنے گھروں کے کچھ حصے اخراجات پورے کرنے کیلئے کرائے پر دیئے ہیں۔ ایکسائز کا عملہ انکو تنگ کرنا شروع کرے گا تو لوگ دوبارہ جھوٹ بولنا شروع کر دینگے اور آپریشن ردالفساد پر اثر پڑیگا۔ حکومت پنجاب نے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے مالک مکان کو تھانوں میں کرائے دار کے کوائف جمع کرانے کا پابند کیا تھا شروع میں لوگوں نے اس خوف کے ساتھ کہ وہ تفصیلات دیں گے تو انکو پراپرٹی ٹیکس والے تنگ کریں گے، معلومات فراہم نہیں کیں لیکن اب دہشت گردی کی وجہ سے لوگوں نے تعاون شروع کر دیا لیکن اب سیکرٹری ایکسائز کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ایکسائز نے ریکارڈ کو کمپورٹرائز کرنے کا عمل شروع کر رکھا ہے اور 6 بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، ملتان اور سیالکوٹ میں پراپرٹی ٹیکس کا ریکارڈ کمپورٹرائز کر لیا گیا ہے۔ موجودہ حالات میں سی سی پی او لاہور سے متعدد میٹنگ منعقد کی گئی ہیں جس میں سیکورٹی، ٹیکس اور اربن پلاننگ کیلئے بات چیت کی گئی۔ اب پولیس اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے فیصلہ کیا ہے پولیس، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ، اور اربن یونٹ مل کر پراپرٹیز کا سروے شروع کریں گے ۔ اس آپریشن کو پہلے لاہور پھر پورے پنجاب میں کیا جائیگا جس میں مالک اور کرائے دار کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائیگی۔ اس سے کریمنلز کو پکڑنے میں مدد کے ساتھ کرائے کے گھروں کا پتہ چلے گا جس سے پراپرٹی ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہو جائیگا۔ اس ریکارڈ کو نادرا کے ذریعے کمپوٹرائز کر دیا جائیگا۔ پہلے فیز میں پائلٹ پراجیکٹ علامہ اقبال ٹاون اور شفیق آباد میں شروع کیا جا رہا ہے، اسکے بعد لاہور شہر میں آپریشن تصدیق کے نام سے آپریشن کیا جائیگا اور پولیس تمام کرائے داروں کا ڈیٹا محکمہ ایکسائز کو فراہم کرے گی جس کو دوبارہ سے چیک کیا جائے گا۔ جس کی منظوری دے دی گئی ہے اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے کروڑوں روپے کا ٹیکس اکٹھا کرنے کیلئے تیاری مکمل کر لی ہے نادرا کو 40 لاکھ روپے کی پائلیٹ پراجیکٹ کیلئے ادائیگی کر دی گئی ہے ایسے وقت جب ملک میں مردم شماری اور آپریشن رد الفساد جاری ہے، لوگوں کو ٹیکس کے نوٹس بھجوائے جائیں گے جس سے عوام کی طرف سے ریونیو اداروں کے خوف کی وجہ سے کرائے داروں کے کوائف کو چھپانے کا عمل شروع ہوجائیگا۔ سینئر پولیس افسران سے بات کی گئی تو انہوں نے اس موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا آپریشن تصدیق کو روک دیا جائے تاکہ عوام ڈر خوف کی وجہ سے کہیں سکیورٹی اداروں سے تعاون بند نہ کردیں۔
پراپرٹی نوٹس