• news

انصاف ناپید‘ جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم ہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر االقادری نے کہا ہے کہ وطن عزیز میںسیاسی،سماجی ،معاشی انصاف ناپید اور جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم ہو چکی ہے۔ قائد اعظم نے اقلیتوں کو تحفظ کا یقین دلایا تھا مگر یہاں عوام کی اکثریت مٹھی بھر مقتدر کرپٹ ایلیٹ کے ظلم اور استحصال کا شکار ہے۔ پڑھے لکھے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار جبکہ حکمران خاندان کے بچے بالغ ہونے سے پہلے ہی کھرب پتی بزنس مین بن جاتے ہیں۔ یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں وزیر اعظم رزق حلال کے بارے میں پوچھے گئے سوالوں کا جواب نہیں دیتے ۔ وزیر اعظم ہاﺅس قومی سلامتی کے تحفظ کی بجائے سلامتی پر حملے کرنے کا ہیڈ کوارٹر بن چکا ہے ۔کرپٹ حکمرانوں نے امن اور محبت کے فروغ کےلئے حاصل کئے گئے پاکستان کو کرپشن ، انتہا پسندی اوردہشتگردی کے راستے پر ڈال دیا ۔وہ گزشتہ روز یوم پاکستان کے موقع پر عوامی تحریک کے مرکزی رہنماﺅں سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے ۔ طاہر القادری نے کہاکہ 70سال کے بعد بھی قائد اعظم کے پاکستان میں انصاف قائم نہ ہو سکا ۔اقربا پروری ،ذخیرہ اندوزی ،چور بازاری اور لوٹ مار ختم ہونے کی بجائے بڑھ گئی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن پاکستان کو قائد اعظم کا حقیقی پاکستان بنانے کی جدوجہد کر رہے ہے اور اس مقصد کےلئے بے مثال جانی و مالی قربانیاں دے رہے ہیں ،ظلم کی یہ سیاہ رات ڈھل کر رہے گی اور پاکستان میں انصاف کا سورج طلوع ہو کر رہے گا ۔ عوامی تحریک کے سربراہ نے یو کے پارلیمنٹ کے باہر ہونیوالے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

طاہرالقادری

ای پیپر-دی نیشن