• news

آئندہ انتخابات میں لاہور کی تمام نشستیں جیتیں گے: عمران

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عمران خان نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم پانامہ کیس کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہے۔ امید ہے فیصلہ آئندہ ہفتے آ جائیگا۔ پاکستان کے ادارے ایکسپوز ہو گئے، ملکی تاریخ میں پہلی بار طاقتور آدمی کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اگر ادارے کام کر رہے ہوتے تو کیس سپریم کورٹ نہ جاتا۔ میرا ایمان ہے پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد نیا دور شروع ہو گا، انہیں ایک مرتبہ ہیلی کاپٹر کیس میں بھی قطری خط نے بچایا تھا سب کو پتہ چل گیا ہے کہ قطری خط منی لانڈرنگ کو بچانے کیلئے ہے۔ حکومت سمجھتی ہے پانامہ کیس میں قطری خط بچا لے گا۔ اصل منی ٹریل اسحاق ڈار کا اعترافی بیان ہے۔ سعید احمد اسحاق ڈار کیلئے منی لانڈرنگ کرتے رہے جنہیں نیشنل بنک کا صدر بنا دیا گیا۔ خیال کیا جا رہا تھا قطری ون اور ٹو ان کو بچا لے گا، پانامہ کیس کے بعد ایل این جی کے معاملے پر سپریم کورٹ جائینگے۔ پانامہ کیس کا فیصلہ کیا آئیگا یہ کہہ نہیں سکتا، قطری انکا بزنس پارٹنر ہے، نیلامی کے بغیر قطری شہزادے کو پورٹ قاسم کا 200 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا گیا۔ معاہدے کیخلاف عدالت جائیں گے۔ ہر سال 10 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ کی جا رہی ہے، یہ لوگ بیرون ممالک میں خفیہ پیغامات بھجواتے ہیں۔ حسین حقانی نے وہی بات کی جو میمو گیٹ میں ہوئی۔ عمران خان نے حسین حقانی کے انکشافات کو غداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ حسین حقانی ہو، میمو گیٹ یا نیوز لیکس یہ فوج کو بدنام کرنے کی سازش ہیں، پاناما کیس کے فیصلے کے بعد نیا دور شروع ہو گا، آصف زرداری نے نیب کو درست دھمکی دی ہے۔ سیاست دانوں کی پرانی عادت ہے کہ یہ امریکہ اور بھارت کو خفیہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم تو آپ کے ساتھ ہیں لیکن فوج خلاف ہے۔ اپنی فوج کو بدنام نہ کیا جائے، اگر مسائل ہیں تو فوج سے بات کی جائے، نیب نواز شریف کا آلہ کار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مافیا ہے جو پیسہ بنانے کیلئے اقتدار میں آیا ہے اور ادارے تباہ کرتا ہے۔ منی لانڈرنگ پر لوگ جیل میں جاتے ہیں۔ مافیا کو کوئی پکڑ نہیں سکتا‘ سارے ادارے تباہ کر دئیے‘ مافیا نے اداروں میں اپنے لوگ بٹھا دئیے‘ خود ملک لوٹتے ہیں‘ پیسہ باہر بھیجتے ہیں اور بچے باہر رکھتے ہیں‘ کتنے ذہین اور عقلمند بچے ہیں‘ بغیر کام کئے ارب پتی بن جاتے ہیں۔ پارٹی اجلاس کے بعد گفتگو میں عمران نے کہا کہ لاہور کے حوالے سے میٹنگ ہوئی‘ پانامہ فیصلے کے بعد عوام میں جانے کی تیاری ہو رہی ہے۔ لاہور جیتنے والا پنجاب جیتتا ہے۔ جو بھی فیصلہ ہو گا ملک بدل جائیگا‘ فیصلے کے بعد مہم شروع ہو جائیگی۔عمران خان نے تحریک انصاف لاہور سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور لاہور کے صدر ولید اقبال سے سیاسی اور پارٹی امور پر گفتگو کی۔ عمران نے کہا کہ جب بنیاد مضبوط ہوگی تو پارٹی کا سٹرکچر بھی مضبوط ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن