• news

قصور: پٹرولنگ پولیس کی گاڑی پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، 2اہلکار شہید

قصور (نمائندہ نوائے وقت) قصور کے نواحی گاؤں راجہ جنگ کے علاقہ چیک پوسٹ ڈھیڈا کے قریب پٹرولنگ پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہو گیا۔ پٹرولنگ پولیس نے ڈاکوؤں کو روکنا چاہا تو ڈاکوؤں نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اے ایس آئی سجاد جو کہ راولپنڈی کا رہائشی ہے اور ایک سپاہی فرمائش علی جو پنڈوکی گاؤں کا رہائشی ہے جو ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے۔ جنہیں رائے ونڈ کے مقامی ہسپتال میں لے گئے کچھ دیر بعد اے ایس آئی سجاد اور سپاہی فرمائش علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ پولیس کی گاڑی ڈھیڈا پل کے قریب معمول کے مطابق گشت کر رہی تھی کہ گشت کے دوران ڈاکوؤں اور پولیس کا آمنا سامنا ہو گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا اور ڈی پی او قصور علی ناصر رضوی اطلاع ملتے ہی ہسپتال پہنچ گئے اور نعشوں کو قبضہ میں لے کر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا۔ ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن