ہمارے کسی نمائندے نے اسلام آباد کا دورہ کیا نہ ملاقات، ماسکو کانفرنس میں شرکت کی دعوت ملی تو غور کرینگے: افغان طالبان
واشنگٹن (آئی این پی) طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے کسی نمائندے نے اسلام آباد کا دورہ کیا نہ ہی وہاں کسی عہدیدار سے ملاقات کی، اگر ماسکو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تو اس پر غور کر سکتے ہیں۔ طالبان افغان حکومت کو ’’کٹھ پتلی‘‘ حکومت قرار دیتے ہیں۔ طالبان کے ترجمان نے یہ بات امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی اس رپورٹ کے ایک دن بعد کہی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی عہدیداروں نے اسلام آباد میں سات طالبان رہنمائوں کی میزبانی کی اور اس کا مقصد طالبان پر دبائو ڈالنا تھا کہ وہ افغان حکومت کے ساتھ امن مذاکرات میں شامل ہوں۔