• news

لندن: مرنے والوں کی یاد میں دعائیہ تقریب، سینکڑوں افراد کی شرکت

لندن/ ملتان (آئی این پی) لندن حملے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ٹریفالگر سکوائر پر دعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا گیا، سینکڑوں افراد نے دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ لندن کے باسی دہشت گردی کی ایسی کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ لندن میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں ایک امریکی شخص بھی ہلاک ہوا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس امریکی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں دہشت گردی کے واقعہ کے دوران ایک خاتون نے اپنی جان بچانے کے لیے ویسٹ منسٹر پل سے دریائے ٹیمز میں چھلانگ لگا دی تھی۔ برطانوی ٹی وی کے مطابق دریا میں چھلانگ لگانے والی خاتون رومانیہ کی ایک انجینئر ہیں جو اپنے منگیتر انجینئر اینڈری بورناز کی سالگرہ میں شرکت کے لیے لندن آئی تھیں۔ خاتون کی شناخت انڈریا کریسٹیا کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 29 سال ہے۔ ہسپتال میں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ لندن پولیس نے ویسٹ منسٹر حملہ آور خالد مسعود کی تصویر جاری کر دی۔ برطانوی اخبار کے مطابق خالد مسعود غیرقانونی اسلحہ رکھنے سمیت متعدد جرائم میں ملوث تھا۔ خالد مسعود برطانوی شہری تھا۔

ای پیپر-دی نیشن