• news

زرداری سر سے پائوں تک کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ اسامہ بن لادن کو سی آئی اے ڈائریکٹر ویلم لیک اور ترکی بن فیصل خطے میں لائے۔ اس وقت اسامہ بن لادن ان کا ہیرو اور بعد میں دہشت گرد قرار دیا گیا۔ آج پی پی والے پوچھ رہے ہیں اسامہ بن لادن کو یہاں کون لایا تھا۔ پی پی اپنا ملبہ اٹھائے اور حقائق کو نہ جھٹلائے ، پی پی امریکیوں کیلئے جو کرتی رہی وہ سب تاریخ کا حصہ ہے۔ ملکی سکیورٹی پر اثرانداز ہونے کی کوشش تاریخ کا حصہ ہے۔ حکومت پر کمشن کے الزامات وہ لگا رہے ہیں جو سراپا کمشن ہیں۔ آصف علی زرداری سر سے پائوں تک کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ کرپشن اور کمیشنز کے سکینڈل سامنے آرہے ہیں۔ سابق حکومت کے سکینڈل بے نقاب ہورہے ہیں۔ ہمیں الزام تراشی سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ پراسرار سینکڑوں افراد کو ویزے کیوں جاری ہوئے؟ انکوائری ہوگی ویزوں کا معاملہ پارٹی کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔ کہا جارہا ہے کہ دستاویزات خود حقانی جاری کررہے ہیں۔ ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ سامنے لانے کے پی پی کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔ ہوسکتا ہے رپورٹ سے کسی کو نقصان پہنچے پھر بھی رپورٹ سامنے آنی چاہئے۔ پی پی بتائے مشکوک افراد کی پاکستان آمد کے مقاصد کیا تھے، کن اختیارات کے تحت انہیں ویزے جاری کئے گئے ہم اپنے سکیورٹی اور مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔

ای پیپر-دی نیشن