• news

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کیخلاف لاہور سمیت ملک بھر میں دینی جماعتوں کے مظاہرے‘ ریلیاں

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کیخلاف لاہور سمیت ملک بھر میں دینی جماعتوں نے احتجاجی مظاہرے‘ ریلیاں نکالیں‘ جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں‘ گستاخ بلاگرز کے خلاف سخت ایکشن لینے کے مطالبات پیش کئے گئے۔ تفصیل کے مطابق تحریک حرمت رسول ﷺ اور جماعۃ الدعوۃ کی طرف سے لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں سوشل میڈیا پر گستاخیوں اور تحفظ نظریہ پاکستان کے حوالہ سے خطبات جمعہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران گستاخ بلاگرز کو اسلامی شریعت کے مطابق سزائیں دینے کا مطالبہ اور تحفظ نظریہ پاکستان کیلئے ملک گیر جدوجہد کا عزم کیا گیا۔ جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ حافظ عبدالرحمن مکی نے جامع مسجد القادسیہ چوبرجی میں خطبہ جمعہ اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کہاکہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے مسئلہ پر خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔ مسلم ممالک کو اختلافات ختم کر کے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہو گا۔ گستاخ بلاگرز کو گرفتار نہ کئے جانے پر پوری قوم میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔حکومت پاکستان کسی قسم کے بیرونی دبائو کو خاطر میں لائے بغیر اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ کنوینر مولانا امیر حمزہ نے جامع مسجد محمدیہ نوشہرہ ورکاں میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گستاخیاں کرنیو الوں کیخلاف 295سی کے تحت مقدمات درج کئے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ گستاخانہ ویب سائٹس اور توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے والے اکائونٹس بند کئے جائیں۔ امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہاکہ گستاخیاں کرنے والے بلاگرز کو گرفتار کر کے قرارواقعی سزا دی جاتی توسوشل میڈیا پر گستاخیوں کا یہ سلسلہ بہت پہلے روکا جاسکتا تھا۔ نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری یعقوب شیخ نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حافظ محمد سعید نے 2017ء کو کشمیریوں کے نام کیا‘ ہم پورے ملک میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے تحفظ کیلئے بھرپور تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مولانا سیف اللہ خالد، مولانا نصر جاوید، انجینئر نوید قمر، حافظ طلحہ سعید ، مولانا غلام قادر سبحانی، مولانا بشیر احمد خاکی و دیگر نے مختلف شہروںمیں نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں دشمن کی ان سازشوں کو متحدہو کر ناکام بنانا ہے۔ پاکستان سنی تحریک کی اپیل پر آج جمعۃالمبارک ملک گیر ’’یوم تحفظ ناموسِ رسالتﷺ‘‘ کے طور پر منایا گیا اور سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کیخلاف خطبات جمعہ دیئے گئے، سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدثروت اعجازقادری کاکہناتھاکہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیاگیا، پاکستان میں گستاخانہ کلچر کو کسی صورت پروان نہیں چڑھنے دینگے، حکمران اپنے دفاع کیلئے تو تمام وسائل بروئے کار لاتے ہیں لیکن ناموس رسالتؐکے مسئلے پر تاویلیں پیش کرتے ہیں، ناموس رسالتؐ کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی فریضہ نہیں، تحریک کے ڈویژنل صدر علامہ مجاہد عبدالرسول خان نے مغلپورہ میں ،علامہ سرفرازسیالوی جامع مسجد غوثیہ وسن پورہ میں، علامہ شریف الدین قذافی شاہدرہ میں ، مفتی محمد سلیم نقشبندی جامع مسجد نقشبندیہ ٹھوکرنیاز بیگ میں،حافظ محمد رمضان قادری جامع مسجد چشتیہ بیگم کوٹ میں ، علامہ شیر محمد مجتبائی جامع مسجد شیر ربانی فیروز والا میں ، علامہ ریاض ہزاوری جامع مسجد بلال لاڑی اڈا سمیت پاکستان سنی تحریک علماء بورڈسے وابستہ علماء ومشائخ اورمفتیان کرام کا اپنے خطبات میںکہناتھاکہ مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا۔ متحدہ دینی جماعتوں، جمعیت علماء پاکستان، جماعت اہلسنّت، جمعیت علماء اسلام، جماعت اسلامی ، جمعیت اہلحدیث اور عالمی مجلس ختم نبوت کی مشترکہ ریلی گلبرگ میں فردوس مارکیٹ سے شروع ہوئی، ریلی کی قیادت جے یو پی کے رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر،مفتی سلیمان قادری،مفتی سید عاشق حسین شاہ،مولانا مختار احمد صدیقی، میاں محمد اشرف،سید منور حسین شاہ ،شیخ غلام جیلانی ،حافظ نصیر احمد نورانی، ملک محمد اشفاق ،مفتی تصدق حسین،میاں محبوب قادری،حافظ زبیر احمد ظہیر،مولانا مختار احمد ندیم،پیر محمد رمضان سیفی ،مولاناعبدالعزیز سیالوی،مولانا محمد سلیم ،قاری لیاقت رضوی،قاری احسان الحق اور دیگر قائدین نے کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہسیکولر عناصر ایک بار پھراس قانون پر وار کرنا چاہتے ہیں یہ ناموس رسالت کا قانو ن کسی انسان کا بنایا ہوا نہیں بلکہ خود اللہ رب العزت نے اپنے محبوب کی ناموس کی حفاظت کا قانون بنایا ہے غلامان مصطفیٰﷺ اس قانون کو ختم کرنے یا اس میں ترمیم ہرگز برداشت نہیں کریںگے۔ جماعت اسلامی کے ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہم اپنا سب کچھ قربان کرکے ناموس رسالت ﷺ کا دفاع کریں گے۔عالمی مجلس ختم نبوت کے عزیز الرحمن ثانی نے کہا کہ دہشت گروی کے واقعات کو ناموس رسالت کے مسئلہ سے جوڑنے والے بدنیت ہیں عوام ان کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ کل مسالک ’’ورلڈ پاسبان ختم نبوت سے مختلف مختلف تنظیموں اور جماعتوں کے علماء نے ملک بھر کی مساجد میں سوشل میڈیا پر گستاخ مواد کیخلاف بھرپور صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے قراردادوں میںمطالبہ کیا کہ بیرون ملک فرار ہونیوالے گستاخ بلاگرز کو انٹر پول کے ذریعے گرفتار کرکے جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ ملک کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں بعد نمازِ جمعہ مساجد کے باہر گستاخانہ مواد کیخلاف احتجاجی جلوس نکالے اور مظاہرے کیے گئے۔ لاہور میں ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے ورکرز نے جامعہ مسجد فاطمتہ الزہراؓ سے ورکشاپ چوک گلبرگ تک قائد ورلڈ پاسبان علامہ محمد ممتاز اعوان کی قیادت میں بھرپور تحفظ ناموسِ رسالتؐ ریلی نکالی اور توہین آمیز مواد کیخلاف نعرے بازی کی علامہ ممتاز اعوان نے کہا گستاخانہ مواد ملکی امن تباہ کرنیکی یہودی و قادیانی لابی کی خطرناک سازش ہے۔ حکومت کافیس بک گستاخانہ مواد روکنے میں کردار مجرمانہ ہے۔ گستاخانہ مواد کیخلاف عالمی تحر یک تحفظ حر مین الشر فین پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ‘ فردوس مارکیٹ سے لبر ٹی چوک تک نکالی جانیوالی ریلی کی قیادت علامہ زبیر احمد ظہیرنے کی جبکہ اس موقعہ پرعالمی تحر یک تحفظ حر مین الشر فین پاکستان کے عہدیدار مولانا عبد الستار نیازی ‘فیاض احمد سلفی ‘میاں محمد اصغر سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شر کت کی۔ علامہ زبیر احمد ظہیرنے کہا کہ ہم حکومت کو وراننگ دے رہے ہیں کہ وہ فوری طور پر ذمہ داروں کو نشانہ عبرت بنا دیں۔

ای پیپر-دی نیشن