محکمہ اوقاف نے انتقال کر جانیوالے افسر سمیت 12 ملازمین کیخلاف کارروائی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا
لاہور (عدنان فاروق) محکمہ اوقاف نے جہان فانی سے کوچ کرجانیوالے ایک سابق افسرسمیت 12سابق اور موجود ملازمین کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جن میں 6زونل اور 6 اوقاف شامل ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ 2010ء میںکری والہ فیصل آباد 100 گیارہ کنال 12مرلہ پر محیط جامعہ مسجد کا انتظام و انصرام محکمہ اوقاف کے حوالے ہوا تو اس وقت مسجد کی جائیدار پر 151تجاوزات تھیں تاہم گزشتہ 6 سال میں تجاوزات کی تعداد 387تک پہنچ گئی، جس کے بعد معاملہ ہائی کورٹ میں گیا اور گزشتہ ماہ27فروری کو عدالت عالیہ نے محکمہ کو ہدایت کی وہ تجاوزات مافیا کے خلاف 20روز میں کارروائی کرکے عدالت میں جواب جمع کرائے۔ تاہم محکمہ 20روز میں جواب دینے میں ناکام رہا اور کسی کارروائی کے خوف سے اوقاف نے جلد بازی میں 12سابق افسروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، جن بارہ افراد کیخلاف نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ان میں فیصل آباد میں بطور زونل افسر خدمات سرانجام دینے والے ریٹائرڈ ملازم رانا کرامت اللہ چار ماہ قبل انتقال کر گیا تھا جبکہ مزید زونل افسر چوہدری صدیق، منیجر ابرار یزدانی، محمد ارشد کئی کئی سال قبل ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ تین زونل افسر عارف میاں بٹ، عشرت نیازی اور عبدالستار خان محکمہ میں ڈیپوٹیشن پر آئے تھے۔ جبکہ اقبال نیازی، بابر سلطان گوندل، دلدار حسین، عمر اقبال اور عمران تبسم محکمہ میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔