جھلکیاں/ بلوچستان کیڈٹس تقریب
فرخ سعید خواجہ
٭.... کیڈٹ کالج مستونگ بلوچستان کے 44کیڈٹس اور اساتذہ کے وفد نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات میں کھٹی میٹھی باتیں کیں۔
٭.... خاران بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کیڈٹ خیر بخش نے کہا کہ ان کے لوگ اب بھی لکڑی جلاتے ہیں جبکہ بلوچستان سے نکلنے والی گیس پورے ملک کو دی جاتی ہے۔ ہم یہاں آئے ہیں اور یہاں موٹر وے‘ میٹرو دیکھ کر ہمارا دل خون کے آنسو روتا ہے آخر ہمیں یہ سب کچھ کیوں میسر نہیں۔
٭.... جعفر آباد کے کیڈٹ مظفر علی نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے بھی بہت سے منصوبے چل رہے ہیں لیکن ان سے بلوچستان کو ایک میگاواٹ بجلی بھی نہیں ملی اب ہم کیسے یقین کریں کہ سی پیک کا ہمیں فائدہ ہو گا۔
٭.... شہباز شریف نے جواب میں کہا کہ ماضی میں بے شک ناروا سلوک کیا گیا لیکن ہمیں غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا چاہئے‘ انہوں نے مستونگ کیڈٹ کالج کے وفد کو خوشخبری سنائی کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار ثناءاللہ الزاہری نے کوئٹہ میں ”میٹرو“ کا منصوبہ بنالیا ہے۔
٭.... وفد کے سربراہ نے وزیر اعلیٰ کو مشورہ دیا کہ وہ یہاں چیف منسٹر کیمپ لگائیں اور باقی صوبوں کے وزراءاعلیٰ کو بلا کر بتائیں کہ چیف منسٹر کو کس طرح کام کرنا چاہئے۔ شہباز شریف نے ترکی بہ ترکی جواب دیا کہ آپ میرے ساتھ دوستی کر رہے ہیں کہ دشمنی؟ اس پر زبردست قہقہہ پڑا۔
جھلکیاں