فاٹا اصلاحات کمیٹی کو عملدرآمد کمیٹی میں تبدیل کر دیا: سرتاج عزیز
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) فاٹا اصلاحات کمیٹی کے چیئرمین سرتاج عزیز نے خیبر پی کے کابینہ کے مطالبات پر ردعمل میں کہا ہے کہ خیبر پی کے کے دو مطالبات پہلے ہی تسلیم کئے جا چکے ہیں۔ فاٹا اصلاحات کمیٹی کو عملدرآمد کمیٹی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ فیصلہ 2مارچ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہوا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ22 مارچ کو خیبر پی کے کابینہ کا اجلاس صوبائی وزیر اعلی پرویز خٹک کی زیر صدارت ہوا، جس میں اراکین کی جانب سے ایف آر سی کو کابینہ عملدرآمد کمیٹی کا درجہ اور اسے ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزیشن اینڈ ریفارمز میں ضم کرنے کی تجاویز دی گئیں، وفاقی کابینہ نے کابینہ لیول کی عملدرآمد کمیٹی کی سطح پر ایف آر سی کی تشکیل نو کی، جس میں وزیر اعلی خیبر پی کے ، چیف سیکریٹری اور آرمی کی الیون کور کے کمانڈر کو شامل کیا گیا۔ نئی تشکیل دی جانے والی عملدرآمد کمیٹی کا پہلا اجلاس جلد پشاور میں ہوگا، جس میں وفاقی کابینہ کی منظور شدہ اصلاحات سے متعلق عملدرآمد منصوبے کے لیے خیبر پی کے حکومت کی تجاویز پر غور ہوگا۔
سرتاج عزیز