پی آئی اے کا تیسرا بڑا سکینڈل، طیارہ کوڑیوں کے بھائو فروخت، ایف آئی اے ذرائع
لاہور (امریز خان/ دی نیشن رپورٹ) قومی ایئر لائن کا ایک اور بڑا سکینڈل سامنے آیا ہے۔ ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق 310اے ایئر کرافٹ کو کوڈیوں کے بھائو فروخت کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے چند ماہ قبل جرمن کمپنی کو طیارہ فروخت کیا ہے۔ یہ تیسرا بڑا سکینڈل سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل330اے اور 320اے طیارے بھی انتہائی کم دام پر فروخت کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اکتوبر2016ء میں طیارے کی فروخت کیلئے اشتہار شائع کیا گیا۔ 12دسمبر 2016ء تک دلچسپی رکھنے والی پارٹیز سے بولی کی پیشکش مانگی گئیں لیکن ذرائع کے مطابق اس تاریخ سے قبل ہی طیارہ فروخت کر دیا گیا۔ سینئر مانڈی والا نے طیارہ کو پی آئی اے کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ طیارے کی قیمت کا اندازہ 3.51ملین ڈالرز لگایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ مالٹا کی ایک کمپنی نے 10روز کیلئے 2لاکھ 10ہزار یورو کرایہ پر لیا تھا جبکہ بعد میں طیارہ جرمن کمپنی کو صرف 45ہزار5سو یورو میں فروخت کر دیا گیا، دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارہ فروخت نہیں کیا گیا بلکہ جرمنی میں ایک نمائش میں حصہ لینے کیلئے دیا گیا ہے اور جرمن کے ایک عجائب گھر نے طیارہ کو خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے مگر ابھی تک طیارہ ادارے کی ملکیت ہے۔