بجٹ تجاویز طلب‘ پٹرول کی قیمتوں کا سارا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ڈاکٹر عشرت حسین کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں مشاورتی کونسل سے کہا گیا کہ آئندہ بجٹ کے لئے تجاویز دی جائینگی۔ کونسل کے کنونیئر نے کہاکہ ابھی سفارشات دی جائیں جن کے ذریعے معیشت کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے علاوہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شرکا کو معاشی صورتحال کے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے او ای سی ڈی کی رکنیت اور سوئٹزر لینڈ کے ساتھ دوطرفہ معاہدہ کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان معاہدات سے شفافیت اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں شفافیت رائے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی اصل قیمت کا پورا بوجھ صارفین پر منتقل نہیں کیا جس کے ریونیو پر منفی اثرات پڑے ہیں۔ حکومت نے برآمدات بڑھانے کے لئے 180 ارب روپے کا ”ری بیسنگ“ پیکیج دیا ہے۔ انہوں نے حکومت کی پہلی بار مالی خسارہ کے مقابلہ میں ترقیات پر زیادہ رقم خرچ کی ہے۔ اب قرض صرف اور صرف ترقی کے لئے لیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ ملک کی اقتصادی صورتحال کی بہتری میں سی پیک کا تاحال کردار نہیں‘ ملک کی اقتصادی صورتحال میں بہتری حکومتی اقدامات کی وجہ سے ہے۔ سی پیک آنےوالے دنوں میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔ حکومت آئندہ انتخابات میں ووٹ دینے کے لئے اضافی اخراجات نہیں کرے گی۔ انہوں نے 20 ارب ڈالرز کے تجارتی خسارے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔