• news

عمران خان سپریم کورٹ کے ذریعے نوازشریف کو اقتدار سے ہٹانا چاہتے ہیں: احسن اقبال

نارووال (نامہ نگار) یوم پاکستان کے حوالہ سے عبدالرحمان ٹرسٹ اور مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام استحکام پا کستان یوتھ کنونشن منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو تمام ضمنی الیکشنوں میں شکست ہوئی ہے‘ ہمارے مخالفین سیاست کے میدان میں بُری طرح پٹ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کے چیئرمین عدالت اور سپریم کورٹ سے اپنے لئے وہ کام کروانا چاہتے ہیں جو وہ خود سیاست میں نہیں کر سکے، وہ نواز شریف کو سپریم کورٹ کے ذریعے اقتدار سے ہٹانا چاہتے ہیں حالانکہ اقتدار سپریم کورٹ نے نہیں پاکستان کی عوام نے دیا اور عوام کو ہی اقتدار سے ہٹانے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو 2013ء کے الیکشن میں بھی شکست ہوئی تھی اور انشاء اللہ 2018ء کا الیکشن بھی وہ بُری طرح ہاریں گے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کی بہتر پالسیوں کی وجہ سے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو رہا ہے اور امن آرہا ہے، پہلے 20گھنٹے بجلی جاتی تھی اور اب 20گھنٹے بجلی آتی ہے۔ تقریب میں چیئرمین ضلع کونسل احمد اقبال، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری امداد باہمی خواجہ محمد وسیم بٹ، ممبر صوبائی اسمبلی رانا منان خاں، چیئرمین میونسپل کمیٹی سید اظہر الحسن گیلانی، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) ملک طارق اعوان اور نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ملک کی ترقی میں ان کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا‘ لٰہذا ہمیں ان کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں نیوکلیئر پاور ہے اور سی پیک جیسے منصوبے سے ملک کی معیشت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
احسن اقبال

ای پیپر-دی نیشن