گرین شرٹس کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز جیتنا ضروری ہے: اظہر خان
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق چیف سلیکٹر و ٹیسٹ کرکٹر اظہر خان نے کہا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز میں اصل اہمیت ون ڈے سیریز کی ہے جس میں قومی ٹیم کا جیتنا ضروری ہے۔ 2019ء کے عالمی کپ کے کوالیفائنگ راونڈ سے بچنے کیلیے پاکستان ٹیم کو سیریز میں اچھے مارجن سے کامیابی سمیٹنی ہوگی۔ پاکستان ٹیم موجودہ وقت میں ویسٹ انڈیز سے بہتر ہے کیونکہ اسے بہت سارے تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی ہوگی جو بھارت میں منعقد ہونے والی لیگ میں حصہ لینے کیلیے چلے جائیں گے۔ بابر اعظم نے امارات اور پاکستان سپر لیگ میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی ان کے لیے بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع موجود ہے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم کی جیت کے امکانات روشن ہیں ۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو سخت محنت کر کے اسے جیتنا پڑے گا یہ اتنا آسان نہیں ہے جیسا کے لگ رہا ہے۔