محکمہ خزانہ نے ایل ڈی اے کو سڑکوں کیلئے قرض کی گارنٹی سے انکار کر دیا
لاہور (معین اظہر سے) محکمہ خزانہ پنجاب نے ایل ڈی اے کو پانچ منصوبوں جن میں لاہور میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں پر 49 ارب 50 کروڑ قرض کی گارنٹی دینے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ مہنگے قرضے لے کر سڑکوں کے چند منصوبوں پر پیسے لگانے کی پالیسی غلط ہے، ایل ڈی اے کو اس پر نظر ثانی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یہ قرضہ جات 11 سال کے لانگ ٹرم پروگرام کے تحت لئے جائیں گے۔ اپنی سفارشات میں محکمہ خزانہ نے ایل ڈی اے کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پراپرٹی اور دیگر چیزیں گروی رکھ کر قرضے لے۔ کسی بھی ترقیاتی ادارے کی طرف سے اربوں روپے کے قرضے لے کر ترقیاتی کام کروانے کی پالیسی کو بھی محکمہ خزانہ پنجاب نے سپورٹ نہیں کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے کی جانب سے ان کی قرضوں کی پنجاب حکومت سے گارنٹی پر اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر خزانہ، سیکرٹری خزانہ، ڈی جی ایل ڈی اے، پی اینڈ ڈی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں ایل ڈی اے کی جانب سے بتایا گیا پانچ پراجیکٹس میں فنانسنگ بنک قرضوں کی صورت میں ہوگی جس کی گارنٹی حکومت پنجاب فراہم کرے گی۔ جبکہ 10 ارب روپے پنجاب ترقیاتی پروگرام سے جون 2018 تک دئیے جائیں گے۔5 ارب روپے وفاقی حکومت جو ن 2018 تک فراہم کرے گی۔پہلے فیز میں حکومت پنجاب 49 ارب 50 کڑور کی گارنٹی دے گی جبکہ جون 2018 تک یہ گارنٹی مذکورہ پنجاب اور وفاقی حکومت کے فندز ملنے کے بعد 34.5 ارب کی رہ جائے گی۔ اس پر محکمہ خزانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کے پاس 61.5 ارب روپے کی بنک گارنٹی کی حد موجود ہے۔ اور حکومت پنجاب کی سٹریٹیجی ہے کہ انہوں نے وفاقی حکومت سے 13 ارب کے زیادہ کاسٹ پر قرضہ لیا ہے اسی طرح پنجاب حکومت جون 2018 تک بانڈسے 15 ارب روپے حاصل کرے گی۔ جبکہ باقی 21 ارب روپے کی گارنٹی فاسٹ ٹریک منصوبوں جن میں قائد اعظم تھرمل پاور کمپنی ، اور اورنج لائن ٹرین پر دی جاچکی ہے۔ اسی طرح پنجاب حکومت بنک آف پنجاب کی کیپٹل سپورٹ کے لئے سٹیٹ بنک کو 11 ارب روپے کی گارنٹی دے چکی ہے۔ قائد اعظم تھرمل پاور کمپنی سپانسر سپورٹ معاہدے کے لئے 9.25 ارب کی گارنٹی دی گئی ہے۔ اسی طرح قائد اعظم تھرمل پاور کمپنی کو 13.5 ارب روپے کی ورکنگ کیپٹل سپورٹ کی گارنٹی دی جاچکی ہے۔ محکمہ خزانہ نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ وہ پہلے ہی اپنی گارنٹی اور قرضوں کی حد میں سے 80 فیصد پراجیکٹ پر حاصل کر چکی ہے ۔ اسلئے باقی 20 فیصد حد کی گارنٹی پنجاب حکومت براہ راست قرضوں کو متاثر کرے گی۔ محکمہ خزانہ نے سفارش کی لاہور کی چند سڑکوں پر اتنے زیادہ قرضہ لے کر پیسے لگانے کی پالیسی پر نظر ثانی کی جائے۔ ایل ڈی اے کے چند پراجیکٹ پر اتنی زیادہ رقم کی گا رنٹی دینے کی بجائے حکومت خود قرضہ لے کر ترقیاتی پروگرام کے حجم میں اضافہ کر دے اسلئے ترقیاتی ادارے، خودمختار ادارے طریقہ کار کے تحت پراجیکٹ کی سفارشات تیار کریں تاکہ کم سے کم حکومت پنجاب سے مالی مدد مانگی جاسکے۔
ایل ڈی اے