سندھ بھی پاکستان کا حصہ ہے وزیر اعظم کو پہلے ادھر دورے کرنے چاہئیں تھے: مراد علی شاہ
لاڑکانہ +کراچی (آن لائن+ سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کو چاہئے تھا کہ وہ سندھ کے دورے پہلے کرتے اور سندھ بھی پاکستان کا حصہ ہے وہ سندھ میں کم آتے ہیں۔ گڑھی خدا بخش بھٹو میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ایم کیو ایم لندن سے لا تعلقی اختیار کی کوئی بھی شخص قانون توڑے گا یا ملک دشمنی میں ملوث ہو گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچرا اٹھانے کے لئے گاڑیاں موجود ہیں پیپلز پارٹی دن رات عوام کی بلا تفریق خدمت کر رہی ہے۔ مجھے امید ہے ذوالفقار علی بھٹو کی 14اپریل کو برسی پر پہلے سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے جس کے لئے سکیورٹی فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے اتوار کو منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سندھ کے لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے واضح ہدایت دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ اس کام کو ایمانداری سے کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری بنتی ہے انہوں نے سیکرٹری آبپاشی اور محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ وہ دریائے سندھ یا کسی بھی کینال یا سمندر میں صنعتی پانی جانے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر پانی ریلیز کرنا ہو تو اسے پہلے اسکی ٹریٹمنٹ ہونی چاہئے اور پانی ٹریٹمنٹ کے بعد دریاﺅں اور نہروں میں چھوڑا جائے۔ انہوں نے واسا اور کے ڈبلیو ایس بی کے منیجنگ ڈائریکٹروں کو ہدایت کی وہ اپنے پانی کی تقسیم کے نظام کو محفوظ اور موثر بنائیں اور باقاعدہ معائنے کے نظام کو اپنا یا جائے تا کہ ہدایات پر مناسب طریقے سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور پانی میں کلورین ضرورت کے مطابق ملائی جائے، پانی کے تالابوں کو صاف ستھرا رکھا جائے۔
مراد علی شاہ