افغانستان : داعش کیخلاف کارروائی بائیس جنگجو مارے گئے امریکہ نے قاری یاسین کی ہلاکت کی تصدیق کر دی
کابل+ واشنگٹن (اے این این+ بی بی سی) افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں فورسز نے داعش کے خلاف فضائی کارروائیاں کیں، جس میں رہنماﺅں سمیت 22 دہشت گرد مارے گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق ننگر ہار کے ضلع نازیاں میں گزشتہ روز دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں داعش کے کمانڈر ذبیح اللہ الیاس شینو اور دراز گل کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ادھر طالبان نے مجموعی طور پر ہلمند کے 10 سے 14اضلاع پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا۔ پینٹاگون کے مطابق بہار میں ہلمند میں 300 کے قریب میرینز بھیجے جائیں گے۔ دوسری جانب پینٹاگون نے میریٹ ہوٹل اسلام آباد پر حملہ کے ماسٹر مائنڈ اور سری لنکن ٹیم پر حملے کے مرکزی کردار قاری یاسین کی افغان صوبے پکتیکا میں ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا رکن قاری یاسین پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ قاری یاسین کی موت اس بات کا ثبوت ہے کہ معصوم افراد کو نشانہ بنانے اور اسلام کو بدنام کرنے والے دہشتگرد انصاف سے نہیں بچ سکتے۔
افغانستان