خیبر پی کے میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال، ریفرنس دائر کرینگے: امیر مقام
پشاور (این این آئی) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت میں سرکاری وسائل کے غیرمتعلقہ افراد کے ہاتھوں بے دریغ استعمال کیخلاف قومی احتساب بیورو میں ریفرنس دائر کرنے کے حوالے سے اپنے قانونی ماہرین سے مشاورت کر رہے ہیں جس کے بعد الیکشن کمشن سمیت سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا جائیگا۔ میرٹ اور اقدار کا درس دینے والوں نے سرکاری خزانہ لوٹنے میںکوئی کسر نہیں چھوڑی، وزراءاور مشیروں کے بعد اب ڈویژنل صدور بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے لگے ہیں، ہزارہ ڈویژن کے صدر زرگل نے انتخابی مہم کیلئے ہیلی کاپٹر اور سرکاری گاڑیوں کا بے دریغ استعمال کر کے میرٹ اور انصاف کی دھجیاں بکھیر دیں۔ خان صاحب کو سرکاری وسائل کا غیر متعلقہ افراد کے استعمال کرنے پر قوم کو جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی تحریک انصاف کے MPA گل صیب خان نے 17 مارچ کو کرک جانے کیلئے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جبکہ صوبائی وزیرتعلیم نے لکی مروت میں صرف سکول کا جائزہ لینے کیلئے ہیلی کاپٹر کا استعمال تو کیا ہے مگر زلزلے، سیلاب یا دیگر قدرتی مسائل میں انہوں نے یہی ہیلی کاپٹر عوام کی دادرسی اور فلاح و بہبود کیلئے استعمال نہیں کیا۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے موقع پر رحمت سلام خٹک، افضل خان پنیالیہ، فرحان جھگڑا، ناصر موسیٰ زئی اور حاجی صفت اللہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت میں اختیارات سے تجاوز کر کے سرکاری وسائل کا ذاتی مقاصد کے حصول کیلئے بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔
امیر مقام