بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو ہٹائے جانے کا امکان، سہیل محمود تسنیم اسلم کے ناموں پر غور
اسلام آباد(اے این این) پاکستان اس بات کے امکان کا جائزہ لے رہا ہے کہ نئی دہلی میں ہائی کمشنر عبدالباسط کو تبدیل کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر کے ایک مقامی اخبار کے مطابق عبدالباسط کے وزارت خارجہ کیساتھ تعلقات سرد مہری کا شکار ہوئے ہیں کیونکہ انکی جونیئر تہمینہ جنجوعہ کو خارجہ سیکرٹری کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ عبدالباسط نے مستعفی ہونے کا پروگرام بنا لیا تھا لیکن بعد میں اس فیصلے کو بدل دیا۔ انہوں نے وزارت خارجہ کے اعلیٰ افسران سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنی جونیئر تہمینہ جنجوعہ کے تابع کام نہیں کرسکتے۔ عبدالباسط نے بھارت میں تین سال کی مدت مکمل کرلی ہے اور اب وزارت خارجہ اس شش و پنج میں مبتلا ہے کہ باسط کے معاملے سے کیسے نمٹا جاسکے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ انہیں کسی یورپی ملک میں ہائی کمشنر کے بطور بھیجا جائے اور یہ بھی امکان ہے کہ لمبی رخصت پر بھیجا جائے۔ بھارت میں ہائی کمشنر کی تقرری کے حوالے سے سہیل محمود اور سابق ترجمان تسنیم اسلم کے نام لئے جارہے ہیں۔ دفتر خارجہ سے اس خبر کے حوالے سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔
بھارت/ ہائی کمشنر