بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان نہیں : شہریار خان
لاہور( سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ جولائی اگست میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش سے قبل مالی ماملاٹ طے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا بنگلہ دیش ٹیم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر نہیں آ رہی ہے۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں بگ تھری پر پیش رفت ہو گی۔ بھارت کے پاس دو ووٹ ہیں اور اس سلسلہ میں پی سی بی اپنا موقف واضح طور پر پیش کرچکا ہے ۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان نہیں ہے۔ اگست میں بنگلا دیش دورے سے قبل مالی معاملات پر بات کریں گے۔ بنگلا دیش ٹیم کے دورہ نہ کرنے کی وجہ سیکیورٹی خدشات نہیں۔ قبل ازیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں عبدالحفیظ کاردار سکول کرکٹ چیمپئن کی تقریب رونمائی کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئندہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں ایس لائن گیند کو استعمال کیا جائے گا اور اگر یہ استعمال میں بہتر ثابت ہوا تو پھر اسکو مستقل طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ بنادیا جائے گا ۔
انہوں نے کہاکہ ریجنز کا سارا خرچہ پی سی بی اٹھاتا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ریجنز اسپانسر شپ حاصل کریں ۔ہم نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ گراس روٹ لیول پر زیادہ سے زیادہ گراﺅنڈ مہیا کرے تاکہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی زیادہ سے زیادہ سرگرمیوں کا انعقاد ہوسکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری اور پرائیویٹ سکولز بڑی تعداد میں اکھٹے کھیل رہے ہیں۔
سکول کرکٹ کے علاوہ رواں سال کلب کرکٹ چیمپیئن شپ اور اگلے سال یونیورسٹی کرکٹ چیمپیئن شپ کا انعقاد کرایا جائے گا۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ سکول کرکٹ سے ہمیں پڑھا لکھا ٹیلنٹ ملے گا جس کا مستقبل میں پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سکول کرکٹ اور کلب کرکٹ کے ذریعے 40 سے 50 ہزار بچے کرکٹ کھیلتے دکھائی دینگے۔ تقریب کے مہمان خصوصی عبدالحفیظ کاردار کے بیٹے شاہد کاردار کا اس موقع پر گفتگو میں کہنا تھا کہ ہمارا خاندان یہ چاہتا تھا کہ میرے والد کی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔ میرے والد عبدالحفیظ کاردار کی بھی خواہش تھی کہ انہوںڈ نے پاکستان اور کرکٹ سے جو عزت حاصل کی ہے اس کا رٹرن دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے ایک بہترین کھلاڑی کو ایک سے دو سال تک ایک لاکھ روپے سکالر شپ دی جائے گی جسے بعد میں بڑھا دیا جائے گا۔ ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ ایزد سید کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے 7 سو سے زائد سکول کی 360 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ ہر بڑے شہر میں ٹورنامنٹ کے میچز ہونگے۔ سکول کرکٹ چیمپئن شپ اپریل کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگی جبکہ اس کا فائنل جون میں ہوگا۔