نظربندی کیس: بتایا جائے حافظ سعید نے کس قانون کی خلاف ورزی کی: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے حافظ محمد سعید نظربندی کیس کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل سے استفسار کیا ہے کہ عدالت کو آئندہ تاریخ پر بتایا جائے کہ امیر جماعۃ الدعوۃ نے کون سے قانون کی خلاف ورزی کی ہے جس کی بنا پر انہیں نظربند کیا گیا ہے۔ سماعت 4اپریل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ حافظ سعید کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کیخلاف وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے دہشت گردی ایکٹ لگایا گیا ہے جس پر پنجاب حکومت کی طرف سے انہیں نظربند کیا گیا ہے جبکہ آئین اور قانون کی رو سے پنجاب حکومت کو اس کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے کہا کہ وہ 4 اپریل کو حافظ محمد سعید کے وکیل کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیں۔