حیدرآباد کیلئے منصوبوں کا اعلان خوش آئند ہے: فاروق ستار، امید ہے انہیں مکمل کیا جائے گا: مصطفی کمال
کراچی +حیدرآباد (خصوصی رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت+ نیوز رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے سی پیک منصوبے کے تحت حیدر آباد کی تعمیر وترقی کے بلدیاتی نمائندوںکو 50 کروڑروپے دینے، شہر میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے 100کروڑ روپے کے اعلان اور حیدرآبادکے منتخب حق پرست اراکین اور بلدیاتی نمائندوں سے ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کراچی اور اس کے عوام کے لئے خصوصی پیکیجز کا اعلان کرکے یہاں پائی جانے والی مایوسیوں کو ختم کریں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ گذشتہ 8 سالوں سے سندھ حکومت کی توجہ حیدرآباد شہر کی خستہ حالی کی جانب مبذول کرواتی رہی لیکن سندھ حکومت حیدرآباد دشمن پالیسیوںکے باعث تاریخی شہر حیدرآباد گزشتہ8 سالوں سے تعمیر و ترقی کاموں سے محروم رہا۔ ڈاکٹرمحمد فاروق ستار نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ حیدرآبادکے عوام کی جانب سے وزیر اعظم کے اعلانات کاتہہ دل سے شکریہ اداکرتی ہے ۔ دریں اثنال متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حقپرست رکن قومی اسمبلی وسیم حسین‘ اراکین صوبائی اسمبلی راشد خلجی ‘ صابر قائم خانی‘ محمد زبیر رات پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج خوشیاں منانے اور مٹھائی تقسیم کرنے کا دن ہے۔دیرینہ مطالبات کو منظور کر کے وزیر اعظم نے شہریوں کے دل جیت لیے ۔ دریں اثنا چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے حیدرآباد میں وزیراعظم نوازشریف کے اعلان کردہ منصوبوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بیان میں کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے دیرینہ مطالبات پر وزیراعظم نوازشریف کی سندھ پر توجہ اور تعلیم سمیت دیگر اہم شعبوں میں ترقی کے اعلانات سندھ کے عوام کیلئے نیک شگون ہیں اور ان منصوبوں کی وجہ سے حیدرآباد سمیت صوبے کے عوام اس سے فائدہ حاصل کرسکیںگے۔ہم امید رکھتے ہیں وزیراعظم نوازشریف نے جو اعلانات کئے ہیں وہ اعلانات تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔