ارسا ٹیکنیکل کمیٹی کی خریف سیزن میں صوبوں کو پانی کی فراہمی کیلئے سفارشات
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) ارسا کی ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس میں خریف سیزن میں صوبوں کو پانی کی فراہمی کیلئے سفارشات تیار کر لی گئی ہیں جس کی حتمی منظوری اکتیس مارچ کو ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں دی جائے گی ۔ارسا کی ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر آپریشنز خالد رانا کی زیر صدارت ہوا ۔جس میں خریف سیزن میں آبپاشی کیلئے پانی کی دستیابی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے نمائندہ کے علاوہ واپڈا اور متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈ وائزر کمیٹی کیلئے سفارشات کو حتمی شکل دی گئی۔ ذرائع کے مطابق خریف سیزن میں 113 ملین ایکڑ فٹ پانی دریاؤں میں آنے کا امکان ہے تاہم اس میں دریائے سندھ پر 40 اور چناب پر 10 فیصدتک لاسز کا امکان ہے۔ خریف سیزن میں پینتیس فیصد تک پانی کی قلت کا سامنا ہو سکتا ہے جو وقت کے ساتھ کم ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت کے باعث پنجاب اور سندھ کو کٹوتی کا سامنا ہو سکتا ہے لیکن خیبر پی کے اور بلوچستان کٹوتی سے مستثنیٰ رہیں گے۔ سفارشات کی حتمی منظوری 31 مارچ کو ارسا کی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں دی جائیگی۔