بھارتی تحفظات چین اور پاکستان میں کسی قسم کا تفرقہ نہیں ڈال سکتے: چینی پروفیسر
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پر بھارتی تحفظات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، فوائد سے بھرپور یہ منصوبہ پہلے ہی اپنی اڑان بھر چکا ہے اور اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔چینی ماہرین کے 6 رکنی وفد کے سربراہ وانگ ژی وی جو کہ چین کی رینمن یونیورسٹی میں سکول آف انٹرنیشنل سٹڈیز کے پروفیسر ہیں نے گزشتہ روزپاکستانی میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ بھارتی تحفظات چین اور پاکستان کے مابین کسی بھی قسم کا تفرقہ نہیں ڈال سکتے جبکہ پاکستان اس منصوبہ کی اصل روح اور اس کے خدوخال کے مطابق کام کو تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے، سی پیک منصوبہ پورے ایشیا کا منصوبہ ہے اور اس کے ثمرات خطے میں موجود تمام ممالک کو پہنچیں گے، امید ہے کہ بھارت بھی اسے قبول کرلے کیونکہ یہ منصوبہ ایشیا کی حکمرانی اور اقتصادی ومعاشی ترقی کا پیش خیمہ ہے۔ انہوں نے اس اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی بدولت کشمیر پر چین کے موقف کی کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ وانگ ژی نے مزید کہا کہ سی پیک ایک مربوط طریقہ کار کے تحت اقتصادی ومعاشی تعاون وترقی کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔