• news

نیب کرپشن کو فروغ دے رہا ہے‘ پارلیمنٹ کو قومی احتساب کونسل کے قیام کیلئے خط لکھ دیا: رضا ربانی

لاہور ( این این آئی) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ یورپ اور امریکہ سے تعلقات بنانے کیلئے ملک کو نقصان پہنچایا گیا اور عدم برداشت کا ماحول پیدا کیاگیا، ہم سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ضیاء الحق کے دور کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، نیب کا ادارہ اور قانون ختم ہو چکے ہیں، نیب کی پلی بارگینگ کی شق کرپشن کو فروغ دینے کی چٹ ہے جس کے بعدکرپٹ لوگ صاف بن کر گھومتے پھرتے رہتے ہیں، پارلیمنٹ کو قومی احتساب کونسل کے قیام کیلئے خط لکھ دیا ہے جس کے تحت نیب کے پلی بارگینگ شق میں بھی تبدیلی ہوگی ۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا کہ اپنی جوانی میں سیاسی پوسٹر بھی لگائے، ڈھائی سال سے زائد جیل بھی کاٹی، سیاسی زندگی میں عام آدمی کے ساتھ جُڑا رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی لعنت کرپشن ہے، اگر آپ چاہتے ہیں شفاف فیصلے ہوں تو قیادت کو کرپشن سے پاک ہونا پڑیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی میں کوئی ایک قصوروار نہیں، ملک کے اندر ایسی ریاستی پالیسی بنائی گئی جس سے سیاست کو نقصان پہنچا۔ یورپ اور امریکہ سے تعلقات بنانے کیلئے ملک کو نقصان پہنچایا گیا اور عدم برداشت کا ماحول پیدا کیا گیا۔ ہم سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ضیاء الحق کے دور کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، اگر امریکہ کی جنگ نہ لڑتے تو آج حالات مختلف ہوتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کا ادارہ اور قانون ختم ہو چکے ہیں،نیب کی پلی بارگینگ کی شق کرپشن کو فروغ دینے کی چٹ ہے جس کے بعدکرپٹ لوگ صاف بن کر گھومتے پھرتے رہتے ہیں، پلی بارگینگ پر سینٹ میں پہلے بار آواز اٹھی،کرپشن کے خاتمے کیلئے ایک قانون ہونا چاہئے جس میں سیاستدان، عدلیہ، سول، ملٹری بیوروکریٹس عدلیہ اور بزنس میں قانون کے شکنجے میں جکڑے جائیں۔کرپشن کرنے پر احتساب کے معاملے میں امتیازی سلوک پر محرومی پھیلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو کرپشن کے خاتمے پر قومی احتساب کونسل کے قیام کیلئے خط لکھ دیا ہے جو نیب کے پلی بارگینگ شق میں تبدیلی بھی کریگی۔

ای پیپر-دی نیشن