شوباز وزیراعلیٰ نہیں جو ہر منصوبے پر اپنی تصویر لگادوں: پرویز خٹک
پشاور (نیٹ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک اپنے ہیلی پیڈ کیلئے ایبٹ آباد سپورٹس گرائونڈ میں انڈر 13 کرکٹ کے ٹرائلز رکوانے پر انتظامیہ پر برس پڑے۔ ڈی سی ایبٹ آباد کو شوکاز نوٹس بھجوا دیا۔ گزشتہ روز پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ایبٹ آباد مشتاق غنی کی والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے لئے سپورٹس گرائونڈ استعمال کئے جانے کا پیشگی علم نہ تھا۔ بیورو کریسی والے بادشاہ ہیں، بچوں کے ٹرائلز رکوانا انتظامیہ کی نااہلی ہے جس پر میں بچوں سے معافی مانگتا ہوں۔ سرکاری ہیلی کاپٹر کے بے جا استعمال کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے میڈیا ایڈوائزر زرگل اور ایم پی اے عبدالحق کو بھاشا ڈیم کی رائلٹی کا مسئلہ حل کرانے کے لئے کوہستان بھیجا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امیر مقام نیب یا جس عدالت میں جانا چاہتے ہیں، چلے جائیں مجھے پتہ ہے میرے اختیارات کیا ہیں اور اپنے وسائل کیسے خرچ کرنے ہیں۔ میں شوباز وزیراعلیٰ نہیں کہ ہر منصوبے پر اپنی تصویر لگادوں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے خلاف پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ ہم سو فیصد بجٹ خرچ نہیں کرسکے۔ رواں سال 100 فیصد ترقیاتی بجٹ خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ماس ٹرانزٹ منصوبے کیلئے وفاقی حکومت سے ریلوے کی اراضی دینے کی درخواست کی تھی جسے منظور نہیں کیا گیا۔ ماس ٹرانزٹ منصوبہ پر کام کا آغاز اور تکمیل ایمرجنسی بنیادوں پر ہوگی۔ 3 سو بسیں چلائی جائینگی یہ منصوبہ جنوری 2018 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ عالمی بنک سے قرضہ لینے کیلئے کاغذی کارروائی مکمل ہوچکی ہے۔