• news

مقبو ضہ کشمیر: 2 نوجوانوں کی شہادت کیخلاف مکمل ہڑتال‘ مظاہرے‘ رئیس وانی کی پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر تدفین

سرینگر (آن لائن+ رائٹرز) مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز پلوامہ کے علاقے پدگام پورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو نوجوانوں کی شہادت کیخلاف جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور پلوامہ کے اضلاع میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ بھارتی فورسز نے ایک روز قبل گاڑی پر سوار رئیس احمد اور فاروق احمد ہرہ کو پدگام پورہ کے قریب فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔ واقعہ کیخلاف پلوامہ، ترال، کاکہ پورہ، اونتی پورہ، پدگام پورہ، نیوا اور رتنی پورہ سمیت دونوں اضلاع اور نواحی علاقوں میں تمام دکانیں، تجارتی مراکز، دفاتر اور پٹرول پمپ بند رہے۔ علاوہ ازیں برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مجاہد کمانڈر رئیس احمد وانی کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں شامل کئی شرکاء نے بھی پاکستان کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء بھارت کیخلاف فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ دریں اثناء دونوں اضلاع میں کشمیریوں نے بھارت کیخلاف کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے۔ شرکاء نے شہداء کی تصاویر پر مشتمل بینرز اور پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے آزادی کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین کی بھارتی فورسز سے جھڑپیں بھی ہوئیں جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں سنٹرل جیل سرینگر میں بند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں ہزاروں نوجوانوں خاص طور پر طلبائ، حریت قائدین اور کارکنوں کی جمہوریت اور امن کے نام پر گرفتاری نے بھار تی جمہوریت کا چہرہ بے نقاب کر دیا۔ سیاسی کارکنوں کے بدلے انکے والدین اور بھائیوں کی گرفتاری کشمیر میں بھارتی پولیس کے ظلم و جبر اور منافقت کا واضح ثبوت ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن