• news

پاکستان‘ ترکی کے درمیان پارلیمانی سطح کے مذاکرات‘ ایاز صادق کا تعاون بڑھانے پر زور

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور ترکی کے درمیان پارلیمانی سطح پر مذاکرات انقرہ میں شروع ہو گئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پاکستان کا پارلیمانی وفد ترکی کے دورہ پر ہے جبکہ ترک پارلیمنٹ کے سپیکر اسماعیل قہرہ مان ترکی کے پارلیمانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق مذاکرات کے دوران سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ مناسب فورم ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام اور دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ 15 جولائی کی ناکام فوجی بغاوت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے ترکی میں جمہوریت کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ اور ترکی میں ہونے والے ریفرنڈم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن