اترپردیش: گوشت کے تاجروں نے کریک ڈائون کیخلاف ہڑتال کر دی
نئی دہلی (اے پی پی) بھارت کی ریاست اتر پردیش میں غیر قانونی مذبح خانوں کے خلاف بی جے پی کے نومنتخب وزیراعلیٰ کے کریک ڈائون کے خلاف گوشت کے تاجروں نے پیر سے غیرمعینہ مدت تک کے لیے ہڑتال کر دی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتر پردیش میںگوشت کا کاروبار کرنے والے تاجروں نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے پاس میونسپل کمیٹیوں کی جانب سے جاری کردہ لائسنس موجود ہیں لیکن محکمہ خوراک نے ان کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ دوسری جانب لکھنؤ میں گوشت کے تاجروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی کمیٹی کے ریاستی صدر چودھری اقبال قریشی نے میڈیا کو بتایا کہ ہڑتال کے دوران گوشت کی تمام دکانیں بند رہیں گی اور مچھلی کے تاجر بھی ان کے ساتھ ہڑتال میں شامل ہوں گے۔