• news

موجودہ پالیسیاں معاشی ترقی سے مطابقت نہیں رکھتیں: تھنک ٹینک

لاہور (کامرس رپورٹر) تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی ریفارمز نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ پالیسیاں معاشی ترقی سے مطابقت نہیں رکھتیں، ملک میں معاشی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔ تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی ریفارمز نیملک میں معاشی ترقی کیلئے حکمت عملی پر مشتمل مفصل رپورٹ میں کہا ہے کہ معاشی ترقی ملک میں ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع، بہترین زندگی گزارنے کا معیار اور مہنگائی میں کمی کیلئے ایک کنجی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ رپورٹ میں اس چیز کی نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان کی موجودہ پالیسیاں ملک میں معاشی ترقی کیلئے مناسب نہیں ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1960ء میں جنوبی کوریاکی فی کس جی ڈی پی پاکستان سے صرف 3گنا زیادہ تھی جو کہ اب 22گنا سے بھی زیادہ ہو چکی ہے جس سے بہترین اور ناقص معاشی پالیسیوں میں صاف فرق نظر آتا ہے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ملک کے اندر معاشی ترقی، میکرو اکانومی ،سرمایہ کاری کیلئے متحرک فضا پیدا کرنا اور بہترین طرز حکومت ہونا بہت ضروری ہے جبکہ یہ تمام چیزیں کہی نظر نہیں آرہی ہیں۔آئی پی آر رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان میں مستقبل کیلئے کوئی بچت نہیں کی جار ہی ہے، بڑے پیمانے پر انفراسٹر کچر کا فقدان ہے نجی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ کارکنوںکے ہنر ، تعلیم اور دوسری ضروریات پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ 22 ملین سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں اور میکرو اکانومی ملکی ترقی کو سپورٹ نہیں کر پا رہی ہے لٰہذا یہی وہ چیزیں ہیں جن کی وجہ سے ملک میں معاشی ترقی انتہائی کم ہے اس کے علاوہ پاکستان میں چھوٹے پیمانے پر مینو فیکچرنگ ہو رہی ہے جو کہ کم قدر والی اشیاء پیدا کر تی ہے جبکہ اس چھوٹے پیمانے کی صنعت کا ری کا جی ڈی پی میں حصہ صرف 14فیصد بنتا ہے، اس کے علاوہ ناقص طرز حکومت کا بوجھ بھی کاروبار پر پڑتاہے پولیٹیکل اکانومی ملک کے اندر بااثر کردار ادا کرتی ہے جبکہ ہمارے ہاں وسائل کی تقسیم ہی صیحح نہیں ہو پا رہی ہے۔ تھنک ٹینک آئی پی آر نے ملک کے اندر معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ایک جامع رپورٹ پیش کی ہے ۔آئی پی آر رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اقتصادی راہدری منصوبے کو مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں سے منسلک کرنا چاہئے۔ ہنر مند صنعتی کارکن کسی ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لٰہذا حکومت کو چاہئے کہ ہنر مند کارکن پید ا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ توجہ دے۔

ای پیپر-دی نیشن