• news

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی نہتے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ‘4 شہید‘30 زخمی

سرینگر(نیوز ڈیسک + ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نہتے مظاہرین پر فائرنگ کر کے 4کشمیریوں کو شہید 28کو شدید زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بڈگام کے علاقے چھدورا میں بھارتی فورسز کی بھاری نفری نے ایک مکان کا محاصرہ کر کے اسے دھماکے سے تباہ کر دیا۔ بھارتی درندوں نے دعویٰ کیا کہ وہاں مجاہدین چھپے ہوئے تھے۔ مکان سے ایک نوجوان کی نعش اور ایک رائفل ملی تاہم ذرائع سے اسکی تصدیق نہ ہو سکی کہ وہ نوجوان مجاہد تھا۔ بھارتی فوجیوں کے محاصرے اور دھماکے کی آواز سنتے ہی اردگرد سے سینکڑوں کشمیری گھروں سے نکل آئے اور احتجاج کے ساتھ ساتھ فوجیوں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ بھارتی فورسز نے شہریوں پر شیلنگ کے بعد پیلٹ گن سمیت مختلف ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی جس سے 3کشمیری زاہد رشید‘ قیصر اور ثاقب احمد شہید 28مظاہرین اور 10بھارتی فوجی زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ شہید نوجوان زاہد رشید 5بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ دریں اثناء ان نوجوانوں کی شہادتوں پر متحدہ حریت قیادت نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے آج بدھ کو وادی میں ہڑتال کی کال دیدی۔ قبل ازیں اتوار کو 2نوجوانوں رئیس احمد وانی اور فاروق احمد ہرا کی شہادت پر منگل کو بھی وادی کے مختلف علاقوں میں ہڑتال رہی اور لوگوں نے بھارتی تسلط کیخلاف مظاہرے کئے۔ بھارتی وزارت داخلہ نے مقبوضہ کشمیر میں پیراملٹری فورسز کی اضافی 200 کمپنیوں کے 20 ہزار جوان تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ پیراملٹری فورسز کی اضافی نفری 9اور12 اپریل کوبھارتی پارلیمنٹ کی دو نشستوں کے ضمنی انتخابات کے موقع پر امن وامان قائم کرنے کے لیے تعینات کی جارہی ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم پاکستان کے مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر میں 4 نوجوانوں کو بھارتی فائرنگ سے شہید کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بدترین ریاست دہشت گردی پراتر آیا ہے۔ عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی اور بھارتی بربریت بند کرائیں۔ ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں 4 نوجوان شہیدکئے جانے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ بھارتی ظلم و بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن