2 خودکشیاں: اکبری منڈی میں والدہ سے جھگڑے پر نوجوان نے زہر نگل لیا نسرین بی بی پھندے سے جھول گئی
لاہور، ماموں کانجن (نامہ نگاران) اکبری گیٹ کے علاقہ میں 17 سالہ نوجوان نے والدہ سے جھگڑے پر دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ عامر کا گزشتہ روز اپنی والدہ سے جھگڑا ہوا جس پر وہ کچھ دور واقع اپنے ماموں کے گھر چلا گیا جہاں اس نے زہریلی گولیاں نگل لیں۔ حالت غیر ہونے پر اسے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کردی۔ بیٹے کی ہلاکت پر ماں کو غشی کے دورے پڑتے رہے۔ علاوہ ازیں ماموں کانجن نواحی گائوں 53/4 ٹکڑا غریب پورہ کے محمد اشرف کی بیوی نسرین بی بی کا اپنی ساس سے جھگڑا ہوگیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے درخت پر رسی ڈال کر پھندا لے لیا۔