پاکستان اور آئی ایم ایف کے دبئی میں آرٹیکل 4 کے تحت مذاکرات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دبئی میں آرٹیکل فور کے تحت مذاکرات شروع ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ تین سے چار روز تک تکنیکی امور پر بات چیت ہوگی۔ جس کے بعد پالیسی نوعیت کی بات چیت ہوگی۔ آرٹیکل فور کے تحت مذاکرات میں ’’ادائیگی کا توازن‘‘ اہم موضوع ہوگا۔ پاکستان اگرچہ پروگرام میں تو نہیں ہے تاہم اس کی خواہش ہے کہ پاکستان کی معیشت کو آئی ایم ایف کی تائید حاصل رہے۔ دوبئی راؤنڈ میں ’’ادائیگی کا توازن‘‘ سب سے اہم نکتہ رہیگا۔ پاکستان میں سی پیک کے تحت تیزی سے ’’ان فلوز‘‘ ہو رہے ہیں۔ بھاری درآمدات کے باعث پہلے ہی کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ بڑھ رہا ہے۔ جبکہ آئندہ دو سال میں سی پیک کے تحت آنے والی رقوم کی ادائیگی بھی شروع کرنا پڑے گی۔ بات چیت میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر آئندہ مالی سال سے آنے والا دباؤ آئی ایم ایف کی تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔