حکمران صرف لاہور کو پاکستان سمجھتے ہیں: خورشید شاہ، مسلم لیگ(ن) کرپشن کا دوسرا نام ہے:کائرہ
سکھر (نوائے وقت رپورٹ+خبرنگار) اپوزیشن لیڈرخورشیدشاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں آگئی ہے جس سے مخالفین کو ڈر ہے کہ انکی ضمانتیں ضبط نہ ہو جائیں۔ گوادر میں لوگوں کے پاس پینے کا پانی نہیں، سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پر تو الزام ہے کہ فرینڈلی سیاست کرتے ہیں۔ پاکستان میں ابھی تک لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوئی۔ ہم نے اپنے تمام وعدے پورے کیے۔ ہم پر الزام ہے موٹر وے نہیں بنائے ، کیسے بناتے؟ عالمی معاشی بحران تھا،حکمران جماعت نے سکیموں کے نام پر لوگوں کو بیوقوف بنایا، سپر ہائی وے کی لین بڑھا کر موٹروے کا نام دیا گیا۔ بدقسمتی سے جب الیکشن آتا ہے تو غریب یاد آجاتے ہیں، عوام کو ڈراموں کا اندازہ ہوگیا۔ پیپلزپارٹی ریاستی ستون کو مضبوط اور حکمران جماعت کمزور کرنا چاہتی ہے۔ میاں صاحب ریاستی ستونوں کو کمزور کررہے ہیں۔ حکمران جماعت صرف لاہور کو پاکستان سمجھتی ہے۔دریں اثنا قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پورے ملک میں وجود رکھتی ہے۔ ہم پارٹی کی تنظیم نو کارکنوں کی منظوری سے کررہے ہیں۔ نوازشریف یا کسی لیڈر سے سند کی ضرورت نہیں کہ اچھا کررہے ہیں یا نہیں۔ ہمیں عمران خان یا کسی اور شخصیت سے کسی سند کی ضرورت نہیں۔ الیکشن میں دھاندلی پر تحریک انصاف کا دھرنا فیل ہوا۔ دھاندلی کے مسئلے پر اگر تحریک انصاف ہماری بات مانتی تو کامیاب ہوجاتی‘ اپوزیشن صرف پی ٹی آئی نہیں۔کراچی میں صرف پیپلزپارٹی سٹیک ہولڈر نہیں دوسری جماعتیں بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی ساری ترقی دو سڑکوں پر محیط ہے، باقی سارا لاہور کراچی سے زیادہ گندا اور ہیپاٹائٹس جیسے موذی امراض کا شکار ہے۔ وزیراعظم اور انکے بھائی جن میگا پراجیکٹس کا شور مچارہے ہیں ، تمام منصوبے میگا کرپشن کا ذریعہ ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سسٹمیٹک کرپشن کا دوسرا نام ہے، اسکے وزیر جو کل تک سائیکل سوار تھے آج ارب پتی بن چکے ہیں، تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن سکینڈل پانامہ کیس ہے۔ نیب ان کی طرف دیکھ ہی نہیں رہا، نیب کو انہوںنے مخالفین کی آواز دبانے کیلئے رکھا ہوا ہے۔ شریف برادران کا المیہ ہے کہ یہ سیاست نہیںکرتے بلکہ کاروبارکرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب انکا اقتدار ختم ہوجاتا ہے تو انکی جعلی ترقی کی کہانی کا بھانڈا بھی سربازار پھوٹ جاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جمہوریت کو دائو پر لگاکر انہوںنے ہمیشہ بادشاہت بنانے کا خواب دیکھا ہے جسے اب پنجاب کے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔