وزیر اعلیٰ کی لودھراں میں اردو، سرائیکی پنجابی تقریر، عوام نے شیر آیا کے نعرے لگائے
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے لودھراں میں بہت بڑے عوامی جلسے سے خطاب کے دوران اردو ، سرائیکی اور پنجابی زبان میں تقریر کی ٭ وزیر اعلی نے جب لودھراں کیلئے 25 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا تو پنڈال میں موجود تمام لوگوں نے خوشی سے نعرے لگائے ۔عبدالرحمان کانجو ایم این اے نے وزیراعلیٰ پنجاب کو سرائیکی اجرک پہنائی تو پنڈال تالیوں سے گونج اُٹھا۔٭ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی تقریر کے آخر میں قائد اعظم زندہ باد ، مسلم لیگ (ن) زندہ باد، نواز شریف زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے۔ ایک سیاست دان کو سیاسی جغادری قرار دیتے ہوئے کہا کہ دو کروڑ روپے کا ٹیکس دینے کا دعویٰ کرنے والے اس شخص نے اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے اور پہلے غریب عوام کا خون چو سا اور پھر دو کروڑ روپے ٹیکس دینے کا دعوی کیا- قرض معاف کرانے والوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے کیونکہ یہ ٹیکس دینے کی بات دراصل عوام کو دھوکا دینے کیلئے کر رہے ہیں - وزیر اعلیٰ کی سرائیکی زبان میں گفتگو کو جلسہ گاہ میں موجود ہزاروں افراد نے بہت پسند کیا اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف زندہ باد اور دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا کے واشگاف نعرے لگائے، وزیر اعلیٰ نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا، وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے ’’ نیازی صاحب‘‘ پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ انہیں چار سال بعد میٹرو بسوں کی افادیت اور اہمیت کا اندازہ ہوا ہے۔