سندھ اسمبلی: متحدہ، فنکشل لیگ کی قراردادیں مسترد ہونے پر ماحول گرما گرم
کراچی (نوائے وقت نیوز) سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ کے نندکمارکی قرار دادیں مسترد ہونے پرماحول گرم ہو گیا، متحدہ ارکان نے واک آئوٹ کر دیا، سندھ اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی روایتی تاخیر سے شروع ہوا۔ ایک طرف سپیکرآغا سراج نے نثار کھوڑو کی اچھی اداکاری کی تعریف کی تو دوسری طرف سپیکر نے ارکان کے لیے بیوٹی پارلر کی سہولیات کا بھی ذکر کیا، مسلم لیگ فنکشنل کے پارلیمانی لیڈر نند کمار نے صوبے کے ہر ضلع میں ٹراما سینٹر قائم کرنے کی قرارداد پیش کی، جسے مسترد کر دیا گیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا ہر ضلع میں ٹراما سینٹر پہلے ہی موجود ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل کی رکن مہتاب اکبر راشدی کی جانب سے ہیلتھ پالیسی بنانے کی قرار داد پر ایوان نے پہلے سے موجود ہیلتھ پالیسی کی بہتری کیلئے کمشن قائم کرنے پراتفاق کیا۔ اس حوالے سے ایم کیو ایم کے سردار احمد نے بھی کہا کہ قرارداد درست ہے ہیلتھ پالیسی ہونی چاہیے۔ صحت بہت ضروری ہے تندرستی نہیں توکچھ بھی نہیں۔ ایم کیو ایم رکن سیف الدین خالد نے صوبے کے کالجوں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی خالی آسامیوں پر تقرریاں کرنے کی قرار داد پیش کی۔ پیپلز پارٹی کے اراکین نے قرار دادمسترد کر دی جس پر ایم کیو ایم ارکان نے ایوان سے علامتی واک آئوٹ کیا۔